کلثوم نواز کا جمہوری کردار ہمیشہ یاد رکھا جائے گا – سیاسی قیادت

0

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک؍خبرایجنسیاں)سیاسی رہنماؤں نے کہا ہےکہ جمہوریت کے لیے سابق خاتون اول بیگم کلثوم نواز کا کردار ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔نوازشریف اپنی سب سے بڑی مشیرسے محروم ہوگئے۔لاہورمیں سابق خاتون اول کی نمازجنازہ کے موقع پر مختلف سیاست دانوں نے میڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے بیگم کلثوم نوازکوخراج تحسین پیش کیا۔مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ بیگم کلثوم نواز ایک بہادر خاتون تھیں۔مشکل حالات میں مشرف کو للکارا اور مارشل لاء کو شکست دی اور مشرف کو جھکنا پڑا۔بیگم کلثوم نواز نے ایک منظم تحریک چلائی، وہ میاں نواز شریف کی عاشق تھیں-میاں نواز شریف جو بات بھی کہتے اس پر عمل کرتیں ان کی کسی بات کو ٹالتی نہیں تھیں – نواز شریف انہیں کہتے باہر نکلوتو وہ میدان میں آجاتیں – اگروہ اوج ثریا پربھی کھڑی ہوتیں اور میاں نواز شریف انہیں بلاتے آجاؤ تو وہ نیچے آجاتیں -انہوں نے کبھی مشرقی و اسلامی تہذیب پر آنچ نہیں آنے دی۔ سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ بیگم کلثوم نواز نے پرویز مشرف کی آمریت کے دنوں میں انتہائی عمدہ کردارادا کیا ، جب میری والدہ اور ہمشیرہ کا انتقال ہوا تو میں بھی اڈیالہ جیل میں تھا اس لئے میں نواز شریف او رمریم نواز کے دکھ کو سمجھ سکتا ہوں ۔مشاہد حسین سید کا کہنا تھا کہ کلثوم نواز نے پارٹی کو مشکل وقت میں سہارا دیا، وہ میاں صاحب کی سب سے بڑی مشیر تھیں۔متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کےرہنماؤں خالد مقبول صدیقی اور فاروق ستار نے کہاکہ تاریخ میں بیگم کلثوم نواز کا نام بہادر خواتین کی فہرست میں شمار ہوگا ،ان کا جن حالات میں انتقال ہوا ہے اس پر افسوس ہے ۔وہ پُرعزم اور استقامت والی خاتون تھیں، ان کے انتقال سے شریف خاندان کو بڑا نقصان پہنچا،ہم شریف خاندان سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں ۔ن لیگ کی رہنما عظمیٰ بخاری نے کہاکہ کلثوم نواز کے ساتھ چھوڑ جانے پر تکلیف کا لفظوں میں احاطہ نہیں کیا جاسکتا، والدہ کے انتقال پر مریم نواز بہت تکلیف میں ہیں۔متحدہ قومی موومنٹ کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ میدان سیاست میں سابق خاتون اول کا کردار ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔لیگی سینیٹر چوہدری جعفر اقبال گجر نے کہا ہے کہ بیگم کلثوم نواز کی جدوجہد کی بدولت ہی آج ملک میں جمہوریت قائم ہے۔ ان کی جدوجہد نے ملک میں جمہوریت کو جلابخشی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More