نواز لیگ کے تحت تعزیتی اجلاس میں بیگم کلثوم کو خراج عقیدت پیش

0

حیدرآباد (بیورو رپورٹ) مسلم لیگ (ن) ضلع حیدرآباد کے سابق یوسی ہالا ناکہ علی آباد کے صدر نور محمد پٹھان کے آفس میں سابق خاتون اول مادر جمہوریت کلثوم نواز کیلئے تعزیتی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں مرکزی کونسل کے رکن حنیف صدیقی، عبدالوحید انقلابی، رحمت اللہ قریشی و دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں مادر جمہوریت سابق خاتون اول بیگم کلثوم نواز کی جمہوریت کیلئے کی جانے والی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ حنیف صدیقی نے کہا کہ کلثوم نواز نے پرویز مشرف کی آمرانہ حکومت اور ظلم و ستم کیخلاف آزادی اظہار پر قدغن لگانے کیخلاف پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت کرتے ہوئے آواز حق بلند کی اور سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی آزادی کیلئے تحریک چلائی۔ وحید انقلابی نے کہا کہ سابق خاتون اول بیگم کلثوم نواز کے انتقال سے پاکستان کے کروڑوں عوام ایک بہادر رہنما سے محروم ہوگئی۔ مسلم لیگ (ن) کے ضلعی جنرل سیکریٹری کلیم شیخ نے کہا ہے کہ بیگم کلثوم نواز نے آمریت کے پرآشوب دور میں استقامت اور پامردی کی لازوال داستان رقم کی۔ مسلم لیگ کو یکجا رکھنے اور کارکنوں کو متحد رکھنے میں کلثوم نواز کا کردار مثالی رہا ۔آمریت کے دور میں انہوں نے نواز شریف کا قدم بہ قدم ساتھ دیا اور ملکی سیاست میں دلچسپی رکھتے ہوئے کامیابی بھی حاصل اور پارٹی کو منظم انداز میں لیکر چلیں ان کی وفات شریف خاندان کیلئے ناقابل تلافی نقصان ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے رابطہ آفس میں بیگم کلثوم نواز کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی کے بعد خطاب میں کیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More