بغیر اطلاع افسران کے تبادلوں پر وزیر اعلیٰ کا اعتراض

0

کراچی (رپورٹ:نواز بھٹو)وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے وزیر اعظم عمران خان کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرا ئی ہے ،تاہم پیشگی اطلاع کے بغیر افسران کے تبادلوں اور مالیاتی وسائل کی کٹوتی پر تحفظات کا اظہار کر دیا ۔ مراد علی شاہ نے کراچی میں پانی کے بحران سے نمٹنے اور ڈی سیلینیشن پلانٹس کی تنصیب کے لئے وفاقی حکومت سے مدد بھی مانگ لی ہے۔ وزیر اعظم نے یقین دہانی کرائی ہے کہ سندھ کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے اور تمام متعلقہ امورسے متعلق صوبائی حکومت سے مشاورت کو یقینی بنایا جائے گا۔وزیر اعلیٰ سندھ نے وزیر اعظم سے کہا کہ جام شورو سیوہن ہائی وے پر حادثات کی روکتھام کے لئے اس کی دو رویہ تعمیر ضروری ہے ،جس کے لئے وفاق فنڈز جاری کرے۔اسٹیٹ گیسٹ ہائوس میں وزیر اعظم سے ہونے والی ملاقات میں وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ میں سینئر افسران کے تبادلوں کے حوالے سے صوبائی حکومت کو اعتماد میں نہیں لیا جا رہا اور نہ ہی کوئی پیشگی اطلاع دی جاتی ہے ،ایسے اقدامات سے انتظامی امور متاثر ہو رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے وزیر اعظم کو صوبے کے مالی معاملات سے بھی آگاہ کیا اور مالیاتی وسائل کی کٹوتی پر بھی تحفظات کا اظہار کیا اور کہا کہ سندھ مالی مسائل سے دوچار ہے ۔وسائل میں کٹوتی، فنڈز کے اجرا میں تاخیر اور فنڈز روک دینے سے صوبہ مزید مشکلات کا شکار ہو جاتا ہے ۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ سندھ گیس کی پیدوارا میں آگے ہونے کے باوجود صوبہ گیس کی بدترین قلت کا سامنا کر رہا ہے ،جبکہ دیہی علاقوں میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 15گھنٹوں سے تجاوز کر گیا ہے ،جبکہ کچھ علاقوں میں تو 20 گھنٹے بجلی غائب رہتی ہے ،جس سے اندرون سندھ کی صنعت بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔ سید مراد علی شاہ نے وزیراعظم کو کراچی میں پانی کے بحران سے متعلق بھی آگا کیا اور کہا کہ کراچی کو کے فور منصوبے کے لئے پانی کی فراہمی کے لئے خصوصی اقدامات کئے جائیں اور مشترکہ مفادات کی کونسل میں اضافی پانی کی فراہمی کے لئے کافی عرصہ سے سندھ کی درخواست زیر التوا ہے ،جس پر غور نہیں کیا جا رہا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت بحران پر قابو پانے کے لئے فوری طور پر ڈی سیلینیشن پلانٹ کی تنصیب ضروری ہے، جس کو وفاقی حکومت کے تعاون کے بغیر مکمل نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے درخواست کی کہ سیلینیشن پلانٹ کی تنصیب کے لئے وفاقی حکومت فوری طور پر فنڈ جاری کرے ۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے اسی دوران متعلقہ حکام کو ہدایت کی سندھ حکومت کے زیر التوا معاملات کو نمٹانے کے لئے اقدامات کئے جائیں ۔انہوں نے وزیر اعلیٰ کو یقین دہانی کرائی کہ کراچی کو پانی کی فراہمی سے متعلق معاملات کے فوری حل کے خواہاں ہیں اور چاہتے ہیں وفاقی حکومت صوبائی حکومتوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی ،عوام کی خدمت کے لئےضروری ہے کہ ہم سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر عملی اقدامات کریں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More