پاکستانی بلے باز بھارت کے سامنے ریت کی دیوار ثابت
دبئی(مانیٹرنگ ڈیسک) ایشیا کپ کے اہم میچ میں بھارت نے پاکستان کو 8 وکٹ سے ہرادیا۔ دبئی میں کھیلے گئےاہم میچ میں پاکستان کی بیٹنگ لائن فلاپ ہوگئی اورٹیم 44ویں اوور میں 162 رنز پر پویلین لوٹ گئی،بھارت نے ہدف باآسانی 2 وکٹ کے نقصان پر 29 اوورز میں پورا کرلیا۔کپتان روہت شرما اور شیکھر دھون نے بھارتی اننگز کاآغاز کیا اور 86 رنز کی اوپننگ شراکت قائم کی، اس دوران کپتان روہت شرما 52 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر شاداب خان کا شکار بنے۔ 104 رنز کے مجموعی اسکور پرشیکھر دھون بھی فہیم اشرف کا شکار بن گئے، دھون 46 رنز پرآؤٹ ہوئے۔امباٹی رائیڈو اور دنیش کارتک نے تیسری وکٹ کیلئے60 رنز کی شراکت قائم کرتے ہوئے ٹیم کو فتح دلائی، دونوں بلے باز 31، 31 رنز پر ناقابل شکست رہے۔اس سے قبل پاکستان نےٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ اننگز کاآغاز ہوا تو امام الحق صرف 2 رنز جبکہ فخرزمان بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔شعیب ملک اور بابر اعظم کے درمیان تیسری وکٹ کیلئے82 رنز کی اہم شراکت قائم ہوئی ،تاہم بابر اعظم غلط شاٹ کھیلتے ہوئے بولڈ ہوگئے، وہ 47 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ کپتان سرفراز احمد صرف 6 رنز کے مہمان ثابت ہوئے، کپتان کے آؤٹ ہوتے ہی شعیب ملک بھی 43 رنز پر رن آؤٹ ہوگئے۔ ٹاپ آرڈر کی ناکامی کے بعد مڈل آرڈر نے بھی مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ آصف علی بھی چند ہی گیندیں کھیل سکے اور 9 رنز بناکر پویلین لوٹے جبکہ آل راؤنڈر شاداب خان کی اننگز بھی 8 رنز تک محدود رہی۔آل راؤنڈر فہیم اشرف نے محمد عامر کیساتھ ملکر ساتویں وکٹ کیلئے37 قیمتی رنز جوڑے ،مگر فہیم اشرف جسپریت بمرا کا شکار بن گئے، وہ 21 رنز ہی بناسکے،حسن علی تیسری ہی گیند پر پویلین واپس لوٹ گئے،جبکہ محمد عامر آخر تک مزاحمت کرتے رہے اور 18 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ بھارت کی جانب سے بھونیشور کمار اور کیدار یادیو نے 3،3 جب کہ جسپریت بمرا نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔بھارت کے آل راؤنڈر ہردیک پانڈیا میچ کے دوران انجری کا شکار ہوگئے، جس پرانہیں گراؤنڈ سے باہر لےجانا پڑا۔