ڈکیتیوں میں ملوث 3سرکاری افسران کے بیٹے گرفتار

0

کراچی (اسٹاف رپورٹر)زمان ٹاؤن پولیس نے 3 طالبعلموں کو گرفتار کرکے انکے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا ،گرفتار ہونے والے دو ملزمان ریٹائرڈ سرکاری افسران کے بچے ہیں، جبکہ ایک ملزم پولیس افسر کا بیٹا ہے ، ملزمان نے پوش علاقوں میں گھروں میں ڈکیتیاں کرنے کے ساتھ ساتھ شہر کے مختلف علاقوں میں اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتیں کرنے کا اعتراف کیا ہے، ملزمان کے خلاف شہر کے مختلف تھانوں میں مقدمات درج ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق زمان ٹاؤن پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے تین ملزمان محمد عتیق ، واصف اور عدنان کو گرفتار کرکے انکے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا ۔’’امت‘‘ سے بات کرتے ہوئے ایس ایچ او انصر عالم نے بتایا کہ گرفتار ہونے والے ملزمان عادی جرائم پیشہ ہیں اور کئی برسوں سے اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں کے ساتھ ساتھ پوش علاقوں میں جاکر گھروں میں ڈکیتیاں بھی کرتے ہیں ، ملزمان نے شہر کے مختلف علاقوں میں متعدد وارداتیں کرنے کا اعتراف کیا ہے ، ان کا کہنا تھا کہ گرفتار ہونے والے ملزمان نجی یونیورسٹی کے طالبعلم ہیں۔ ملزمان نے اپنا تین رکنی ڈکیت گروپ بنایا ہوا تھا اور وارداتیں کرنے کے بعد حاصل ہونے والی رقم کو بانٹ لیتے تھے۔آئی جی سندھ ڈاکٹرسید کلیم امام نے زمان ٹاؤن پولیس کی جانب سے جرائم کیخلاف عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے اور ڈکیتی رہزنی ودیگر وارداتوں میں ملوث گروہ کو گرفتار کرنے پر ایس ایس پی کورنگی اور انکی ٹیم کو شاباش دی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More