خیبر پختون آزاد کشمیر میں دوسرے روز بھی نواز لیگ کی ریلیاں
مظفراباد/سوات (خبر ایجنسیاں/ بیورورپورٹ) سابق وزیر اعظم نواز شریف کی سزا معطلی اور رہائی کی خوشی میں دوسرے روز بھی آزاد کشمیر اور خیبر پختون کے مختلف علاقوں میں ریلیاں نکالی گئیں۔ کارکنوں نے جشن منایا اور منوں مٹھائی تقسیم کی۔ جمعرات کو آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد کے مختلف علاقوں میں کارکن سڑکوں پر نکل آئے، دربارسائیں سہیلی سرکارپر چادر چڑھانے کے بعد منوں مٹھائی بھی بانٹی۔ محمد اقبال عباسی، راجہ امداد علی طارق و دیگر کی زیرقیادت کارکنان نے سابق وزیراعظم کے حق میں نعرے بازی کی اور کہا کہ سازشیوں نے نوازشریف کو اقتدار سے الگ کیا، انہیں جیل میں ڈالا گیا مگر عوام کے دلوں سے نہ نکال سکے۔ ایون فیلڈ کیس کی اصلیت ثابت ہو گئی۔ باقی مقدمات میں بھی نواز شریف سرخرو ہوں گے۔ مینگورہ شہر کے نشاط چوک ،تحصیل کبل ،منگلور ،کالام اور دیگر علاقوں میں لیگی کارکنوں نے عدالت عالیہ کے فیصلے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے جشن منایا اور ووٹ کو عزت دو، ووٹ چوروں کو سزا دو، وزیر اعظم نواز شریف ، آج کا فیصلہ جمہوریت کی جیت کے نعرے لگاتے رہے مقررین نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہاکہ 14اکتوبر کو ہونے والے ضمنی الیکشن میں جیت مسلم لیگ کی ہو گی۔ادھرکاٹلنگ میں ن لیگی کارکنوں نے عاشورہ کے احترام میں ریلی کے بجائے صدقے کا اہتمام کیا اور مٹھائی و لنگر تقسیم کیا۔ بنوں میں بھی ن لیگ کے کارکنوں نے نواز شریف کی رہائی کی خوشی میں ریلی نکالی،مٹھائیاں تقسیم کیں اور ان کی رہائی کو حق کی فتح قرار دیا ۔