نواز شریف مریم نے پہلا دن فیملی میں گذارا- بعض رہنما کارکن واپس

0

لاہور(نمائندہ امت / ایجنسیاں) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد و سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف اورمریم نواز نے قید سے رہائی کے بعد پہلا دن فیملی کے ساتھ گذارا۔ جبکہ رہنماؤں اورکارکنوں کو جاتی امراء آنے سے روکتے ہوئے آگاہ کیا گیا کہ نواز شریف کل (ہفتہ) سے باضابطہ ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کریں گے۔اطلاعات کے مطابق جمعرات کو سابق وزیراعظم نے اپنی صاحبزادی مریم نواز اورخاندان کے دیگر افراد کے ہمراہ اپنے والد میاں محمد شریف ، اہلیہ کلثوم نواز اور بھائی محمد عباس شریف کی قبروں پر حاضری دی اور پھول چڑھائے ۔اس موقع پر مرحومین کی روح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی ۔ذرائع کے مطابق آج نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد قرآن خوانی اور محفل میلاد کا انعقاد کیا جائے گا جس میں نواز شریف اور خاندان کے دیگر افراد شریک ہوں گے۔دوسری جانب لیگی قیادت کی جانب سے رہنماؤں اور کارکنوں کو جاتی امرا آنے سے روکتے ہوئے آگاہ کیا گیا ہے کہ نواز شریف کچھ وقت اپنے خاندان کے افراد کے ہمراہ گزارنا چاہتے ہیں ۔ نواز شریف کل (ہفتہ )سے باضابطہ ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کریں گے۔گزشتہ روز بھی پارٹی کے مرکزی رہنما عبد القادر بلوچ ، سابق سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال اور دیگر پارٹی رہنما نواز شریف سے ملاقات کے لئے جاتی امرا آئے تاہم انہیں قیادت کے فیصلے کے نتیجے میں بغیر ملاقات واپس روانہ ہونا پڑا ۔لاہور کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے مرد و خواتین کارکنان بھی محمد نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز سے ملاقات کے لئے جاتی امرا پہنچے تاہم سکیورٹی اہلکاروں نے انہیں اندر جانے سے روک دیا ۔ مگر کارکن اندر جانے کیلئے بضد رہے اور پرجوش انداز میں نواز شریف کے حق میں نعرے لگاتے رہے ۔ اندر جانے کی اجازت نہ ملنے پر کارکن کچھ دیر انتظار کرنے کے بعد واپس گھروں کو روانہ ہو گئے ۔ذرائع کے مطابق نواز شریف کل ( ہفتہ ) کے روز رہنماؤں سے ملاقات کے دوران 14اکتوبر کو ہونے والے ضمنی انتخابات خصوصاً لاہور کے حلقہ این اے 124اور 131کے حوالے سے تبادلہ خیال کریں گے اور انتخابی مہم کیلئے ذمہ داریاں بھی سونپیں گے ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More