تبدیلی کے دعویدار آج سعودیہ- چین سے بھیک مانگ رہے ہیں- لیاقت بلوچ
کراچی (اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی کے مرکزی جنرل سیکریٹری لیاقت بلوچ نے عام انتخابی دھاندلی کی تحقیقات کے لئے خصوصی کمیٹی کے قیام پر اتفاق کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے زور دیا ہے کہ اس میں نہ صرف اپوزیشن کو برابری کی نمائندگی بلکہ کمیٹی کی سربراہی بھی اپوزیشن پارٹی کو ملنی چاہئے۔ کے یو جے دستور کے تحت فاران کلب میں منعقدہ حلیم پارٹی میں شرکت کے بعد میڈیا سے بات چیت بھی کیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم عمران خان کو 100 دن دینے کے حق میں ہیں۔ لیکن ایک مہینے کے اندر ہی بجلی و گیس کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ کرکے عوام کی چیخیں نکالیں جارہی ہیں۔ تبدیلی اور کشکول توڑنے کے دعویدار آج سعودی عرب اور چائنا سے بھیک مانگتے پھررہے ہیں۔ اس لئے کشکول اٹھانے کے بجائے جو400 ارب ڈالر باہر لے جایا گیا ہے، اسے واپس لایا جائے تو ڈیم سمیت ملک کے تمام مسائل حل ہوسکتے ہیں۔ دریں اثنا انہوں نے سینئر صحافی رضوان بھٹی کے والد رمضان بھٹی کے انتقال پر ان سے تعزیت اور مقامی اسپتال میں زیر علاج ڈاکٹر اسامہ رضی کے والد رضی خان کی عیادت اور ان سے والدہ کے انتقال پر تعزیت بھی کی۔