مزید 3 کشمیری شہید – مجاہدین کے وار سے فوجی ہلاک

0

لاہور۔سری نگر(نمائندہ امت۔مانیٹرنگ ڈیسک) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے بدترین ریاستی دہشتگردی جاری رکھتے ہوئے مزید3 کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا ہے جبکہ مجاہدین کے حملے میں بھارتی فوجی ہلاک ہو گیا۔ بھارتی قتل و غارت گری کیخلاف پلوامہ، بانڈی پورہ ، ترال اور دیگر علاقوں میں مکمل ہڑتال رہی۔ اس دوران تمام کاروباری مراکز ، تعلیمی ادارے، پٹرول پمپ وغیرہ بند رہے۔ معصوم کشمیریوں کو شہید کئے جانے کیخلاف ہزاروں کشمیریوں نے سڑکوں پر نکل کر شدید احتجاج کیا ۔ حریت کانفرنس نے بین الاقوامی انسانی حقوق کے اداروں سے صورتحال کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ بھارتی فوج نے3تین کشمیریوں کو ٹنگڈار علاقہ میں نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران شہید کیا۔ بانڈی پورہ اور پلوامہ میں کشمیریوں نے بھارتی ظلم و دہشت گردی کیخلاف سخت احتجاج کیا ۔ادھر ایک بھارتی فوجی مجاہدین حملے میں ہلاک ہو گیا۔ بھارتی فورسز نے دعویٰ کیا کہ ٹنگڈار کے علاقہ میں بھارتی فوجی گولی لگنے سے زخمی ہوا ۔ سوپور علاقہ میں ایک پینتالیس سالہ شہری کو نقاب پوش افراد نے اغواء کر کے قتل کر دیا اور اس کی لاش ایک باغ سے ملی ۔ مقامی کشمیریوں نے بھارتی فوج اور ایجنسیوں پر قتل کا شبہ ظاہر کیا ۔ کشمیر میں ہڑتال کی وجہ سے تمام دکانیں اور تجارتی مراکز بند رہے جبکہ سڑکوں پر ٹریفک معطل رہی۔ بانڈی پورہ میں مسلسل چوتھے روز بھی ہڑتال کی گئی۔حریت کانفرنس کے چیئرمین سیدعلی گیلانی نے سری نگر میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام اپنے ناقابل تنسیخ حق کا مطالبہ کر رہے ہیں جسے نہ صرف عالمی برادری نے تسلیم کر رکھا ہے بلکہ کشمیریوں کو انکا یہ حق دلانے کا وعدہ بھی کر رکھا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More