ٹرمپ کے ساتھی نے ایرانی حکومت بدلنا ہدف قرار دیدیا

0

واشنگٹن(امت نیوز)امریکی صدر کے ساتھی نے ایران کی حکومت کا تختہ الٹنے کو ہدف قرار دیدیا ہے۔پیر کو اہواز حملے میں جاں بحق تمام 30افراد نماز جنازہ کے بعد سپرد خاک کر دیے گئے ہیں۔نماز جنازہ کے اجتماع کے موقع پر ایرانی حکومت اور پاسداران انقلاب نے امریکہ و اسرائیل سمیت دیگر سے تباہ کن انتقام لینے کا اعلان کیا ہے ۔داعش نے اہواز میں فوجی پریڈ پر حملے میں ملوث مبینہ حملہ آوروں کی ویڈیو جاری کر دی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق امریکہ نے ایران کی حکومت کا تختہ الٹنے کی خواہش کا اظہار کر دیا ہے۔نیویارک کے سابق میئرو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے وکیل روڈی جولیانی نے ایران کی مخالف تنظیم کے تحت ہونے والی تقریب میں شرکت کے موقع پر کہا کہ پتہ نہیں ہم کب تک ایرانی حکومت کا تختہ الٹیں گے۔ایران میں حکومت کا تختہ الٹ کر رہے گا خواہ اس میں کچھ روز سے چند سال ہی کیوں نہ لگ جائیں ۔ایران کو 4نومبر سے امریکی پابندیوں کے نفاذ سے ایران کو ایسا اقتصادی درد ہوگا جو بتدریج کامیاب انقلاب پر منتج ہوگا۔ ایران کا تختہ الٹنے میں چند دن،مہینے یا کچھ سال لگ سکتے ہیں لیکن ایسا ہو کر رہے گا۔ایران پر اقتصادی پابندی کے نتائج سامنے آ رہے ہیں،کرنسی کی قدر گر رہی ہے،ایسےتمام اقدامات کامیاب انقلاب کی جانب جائیں گے۔اس سے قبل ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے ایرانی حکومت میں تبدیلی نہ لانے کے اعلانات کئے گئے ہیں۔ادھرایرانی شہر اہواز میں فوجی پریڈ پر فائرنگ سے جاں بحق افراد کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی جس میں سول و فوجی حکام سمیت ہزاروں افراد شریک ہوئے۔نماز جنازہ کے شرکا اس موقع پر مرگ بر امریکہ و مرگ بر اسرائیل کے نعرے لگاتے رہے ۔ متعدد افراد نے حملے میں جاں بحق افراد کی تصاویر بھی اٹھا رکھی تھیں۔نماز جنازہ سے قبل شرکا سے خطاب کرتے ہوئے پاسداران انقلاب کے نائب سربراہ حسین سلامی نے کہا کہ اہواز پر حملے کے جواب میں امریکہ و اسرائیل کو ایرانی جواب کا سامنا کرنا ہوگا ۔ اس سے قبل بھی دونوں ملک ایرانی انتقام کا سامنا کر چکے ہیں ۔ اس بار انہیں ایسے انتقام کا سامنا ہوگا کہ وہ افسوس کرتے رہیں گے کہ وہ کیا کر بیٹھے ہیں۔تشخیص مصلحت نظام کونسل کے سیکریٹری محسن رضائی نے کہا کہ اہواز میں دہشت گردی ایرانی عوام کی استقامت کے سامنے عالمی سامراج کی ہار ہے۔ سیکورٹی و امن و امان خراب کرنے کا ارادہ رکھنے والوں کو دندان شکن جواب دیا جائے گا۔ایرانی انٹیلی جنس وزیر محمود علوی کا کہنا تھا کہ اہواز پر حملہ کرنے والی تنظیم سے تعلق پر متعدد مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے ۔حملہ آوروں کی شناخت کی جائے گی۔ وزیر دفاع عامر حاتمی نے کہا کہ دشمن کو جلد ہی ایرانی انتقام کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ایران کی قومی سلامتی کونسل کے سربراہ علی شمخانی نے کہا ہے کہ کشیدگی سے بچنے کیلئے ایران ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعمیری بات چیت چاہتا ہے تاکہ دشمنوں کے معاندانہ عزائم سے چھٹکارا پایا جاسکے۔ادھر حملے کی ذمہ داری قبول کرنے والی تنظیم داعش کی خبر ایجنسی عماق نے اپنی ویب سائٹ پر مبینہ حملہ آوروں کی ویڈیو جاری کر دی ہے جس میں ایک موٹر سائیکل پر 3 افراد کو اہواز جاتے ہوئے دکھایا گیا ہے ۔ویڈیو میں موجود لوگ فارسی میں ممکنہ حملے کی باتیں کر رہے ہیں ۔ایک شخص نے پاسداران انقلاب کی وردی پہن رکھی ہے اور وہ کہتا ہے کہ تکفیری ہم نہیں وہ ہیں۔ ہم ایران کو گوریلا حملوں سے تباہ کر دیں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More