کُرتا دیکھنے کی تعبیر:
رسول اقدسؐ نے کُرتے کو دین اور علم سے تعبیر کیا ہے۔ ان دونوں میں وجہ اشتراک پہننے والے کو پردے میں رکھنا اور لوگوں کے مابین اسے حسن و خوبی سے رکھنا ہے۔ لباس جسم کی خوبی ہے اور علم و دین روحانی اور قلبی لباس ہیں۔ اس سے بھی لوگوں میں انسان کی خوبی اجاگر ہوتی ہے۔
دودھ کی تعبیر:
دودھ کو خواب میں دیکھنے کی تعبیر فطرت سے کی گئی ہے۔ ان دونوں میں غذائیت اور توانائی ہے، جو زندگی کا باعث اور انسانی ارتقا کا سبب ہے۔ بچہ جب فطرت پر ہوتا ہے تو دودھ کے سوا کسی چیز کی طرف التفات نہیں کرتا، وہ دودھ ہی کو سب چیزوں پر ترجیح دیتا ہے، اسی طرح فطرت اسلام ہے، جس پر حق تعالیٰ نے لوگوں کو پیدا کیا ہے۔
گائے کی تعبیر:
گائے کو خواب میں دیکھنے کی تعبیر اہل دین اور اہل خیر سے ہے۔ اسی سے دین کی صحیح معنوں میں آبادی اور رونق ہے، جیسا کہ گائے بیل کھیتی باڑی کے لئے رونق ہیں۔ پھر اس میں کوئی برائی نہیں اور بھلائی بہت سی ہے، زمین اور زمین والے اس کے محتاج ہیں۔
یہی وجہ ہے کہ جب نبی اکرمؐ نے خواب میں گائے کو (ذبح ہوتے) دیکھا تو آپؐ نے اس کی تعبیر یہ لی کہ احد کے روز آپؐ کے صحابہؓ کی شہادت ہوگی۔ (صحیح البخاری، حدیث:4081)
کھیتی کی تعبیر:
کھیتی کو خواب میں دیکھنے کی تعبیر عمل ہے۔ اس لئے کہ عامل کھیتی کرنے والا ہے۔ خواہ وہ نیکی کی کھیتی کرے یا برائی کی اور یہ بھی ظاہر ہے کہ جو بوئے گا وہی کاٹے گا۔ پس دنیا کھیتی ہے اور عمل بیج ہے اور قیامت اس کے پھلنے پھولنے اور کاٹنے کا دن ہے۔(جاری ہے)
٭٭٭٭٭
Next Post