ناظم آباد میں بچہ غائب ہونے پر احتجاج- لیاقت آباد میں اغوا کار پکڑا گیا

0

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پیر آباد کے رہائشی 7 سالہ بچے کے پراسرار طور پر لاپتہ ہونے پر اہل علاقہ کی جانب سے فائیو اسٹار چورنگی پر احتجاج کیا گیا۔ احتجاج کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوگئی اور گاڑیوں کی طویل قطار لگ گئی۔ پولیس اور مظاہرین کے درمیان مذاکرات کے بعد احتجاج ختم ہوگیا، جبکہ لیاقت آباد سے 10 سالہ بچے کے اغوا میں ملوث مبینہ اغوا کار کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق نارتھ ناظم آباد کے علاقے فائیو اسٹار چورنگی پر پیر آباد کے علاقے قصبہ کالونی کے رہائشی 7سالہ عمران علی زیدی ولد قاسم علی زیدی اتوار کی صبح پراسرار طور پر لاپتہ ہوگیا۔ بچے کی گمشدگی کی اطلاع فوری طور پر اہلخانہ کی جانب سے پولیس کو دی گئی ،تاہم رات گئے تک بچے کے غائب ہونے پر اہلخانہ اور علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد نے نارتھ ناظم آباد کے علاقے فائیو اسٹار چورنگی پر آکر بچے کی عدم بازیابی پر احتجاج شروع کردیا۔ احتجاج کے باعث فائیو اسٹار چورنگی اور اطراف میں ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوگئی اور بدترین ٹریفک جام ہوگیا۔ احتجاج کی اطلاع ملتے ہی پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی اور مظاہرین کو مذاکرات کے بعد پر امن طور پر منتشر کرکے ٹریفک کی روانی کو بحال کرایا۔ ایس ایچ او اقبال خان نے بتایا کہ بچہ پیر آباد کی حدود کا رہائشی ہے اور بچے کے اہل خانہ اور علاقہ مکینوں کی جانب سے نارتھ ناظم آباد کے علاقے میں احتجاج کیا گیا تھا ،جس پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر مظاہرین کو سمجھابجھا کر پر امن طور پر منتشر کردیا، رات گئے عمران گھر پہنچ گیا۔ ادھر لیاقت آباد پولیس نے 10سالہ داؤد کے اغواکی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے ملزم آغا محمد کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزم 10سالہ داؤد کو لیاقت آباد کچرا کنڈی سے اغوا کرنے کی کوشش کررہا تھا، تاہم پولیس نے گرفتار ملزم سے مزید پوچھ گچھ شروع کردی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More