چیف سیکرٹری نے شفافیت کا آغاز اپنے دفتر سے کردیا
کراچی(اسٹاف رپورٹر)چیف سیکریٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ نے انتظامی امور کو شفاف اور موثر بنانے کی شروعات اپنے دفتر سے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔چیف سیکرٹری نے پہلے مرحلے میں ایس اینڈ جی اے ڈی کا تمام ریکارڈ کمیپوٹرائزڈ کرنے کے احکامات جاری کردیے ہیں۔اس ضمن میں باخبر ذرائع کا کہناہے کہ چیف سیکریٹری نے انتظامی اور سروسز کے امور میں پسند ناپسند کے کلچر کا خاتمہ کرنے اور اس ضمن میں سرکاری ملازمین اور دیگر افراد کے ساتھ ہونے والی ناانصافی کے خاتمے کیلئے تمام انتظامی ریکارڈ کو مرحلہ وار کمپیوٹرائزڈ کرکے انہیں کمپیوٹرائزڈ سسٹم کے تحت چلانے کے احکامات جاری کئے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اس ضمن میں صوبائی محکمہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کو ہدایت کی ہے کہ اس کی شروعات ان کے دفتر یعنی صوبائی محکمہ سروسز اور محکمہ جنرل ایڈمنسٹریشن سے کی جائے، جس سے انتظامی امور میں مزید شفافیت اور بہتری آئے گی۔تمام افسران اور ملازمین کی کا رکردگی کا بھی واضح ریکارڈ بنے گا اور اس سے میرٹ کو تقویت ملے گی۔انتظامی امور کو نمٹانے کے لئے جوتاخیری حربے استعمال کئے جاتے ہیں اس کا بھی خاتمہ ہوسکے گا۔