لوہا دیکھنے کی تعبیر…: لوہے کی تعبیر اور لوہے کے ہر قسم کے ہتھیاروں کی تاویل قوت و نصرت سے ہوتی ہے، جیسا وہ ہتھیار ہو اور جس درجے کا ہو۔
خوشبودار چیز کی تعبیر…: عمدہ خوشبو کی تعبیر اچھی تعریف، عمدہ بات اور نیک عمل سے ہوتی ہے، جبکہ بدبو کی تعبیر اس کے برعکس ہے۔
ترازو کی تعبیر…: ترازو کی تعبیر عدل و انصاف ہے۔
ٹڈیوں کی تعبیر…: ٹڈیوں کی تعبیر لشکر ہے۔ ان کا جتھا لشکریوں کی کثرت پر دلالت کرتا ہے۔
کجھور کے درخت کی تعبیر…: کھجور کے درخت کی تعبیر اچھی خوراک اور نیک عمل سے ہوتی ہے۔
مرغ دیکھنے کی تعبیر…: مرغ کی تعبیر عالی، بلند ہمت اور بلند آواز شخص ہے۔
سانپ کی تعبیر…: سانپ کی تعبیر دشمن اور بدعتی ہے، جو اپنے زہر سے ہلاک کر دینے والا ہو۔
کیڑے مکوڑے کی تعبیر…: کیڑے مکوڑوں کی تعبیر کمینے لوگ ہیں، جن کی کوئی حیثیت نہیں ہوتی۔
چھچوندر کی تعبیر…: اس کی تعبیر اندھا اور بھکاری آدمی ہے۔
بھیڑیے کی تعبیر…:اس کی تعبیر ظالم، بے وفا اور فاسق فاجر شخص سے ہوتی ہے۔
لومڑی کی تعبیر…: حیلہ ساز، مکار، بد عہد اور حق سے پھرنے والے سے ہوتی ہے۔
کتے کی تعبیر…: کمزور چیخنے والا، بدکلام، بدعتی، خواہش پرست اور دنیا کو ترجیح دینے والے شخص سے ہوتی ہے۔
بلی کی تعبیر…: بلی کی تعبیر اس غلام اور خادم سے ہوتی ہے، جو کسی گھر والوں کے ماتحت ہو۔
چوہے کی تعبیر…: بری، بدکار، بد دین عورت ہے۔
شیر کی تعبیر…: قوی طاقتور، غالب انسان۔
بھیڑ کی تعبیر…: سنجیدہ، قابل اتباع شخص ہے۔
تعبیر خواب کے قاعدے:
’’پانی کے تمام برتنوں سے مراد گھر کا سازوسامان ہے۔‘‘
’’مال رکھنے والی ساری چیزوں، مثلاً: صندوق، تھیلی، بٹوا وغیرہ سے مراد دل ہے۔‘‘
’’ہر مشترک، ملی جلی ایک ہی طرح کی چیزوں کی تعبیر شرکت، ساجھے داری، آپس کی مدد یا نکاح وغیرہ ہوتی ہے۔‘‘
’’بلندی سے نیچے کی طرف گرنا بری بات ہے۔‘‘
’’اونچائی کی طرف چڑھنا اچھی بات ہے، ہاں خلاف عادت نہ ہو، بلکہ مناسب ہو۔‘‘
’’آگ سے جلا دیکھنا کسی آفت کی نشانی ہے، جس سے دو چار ہونا پڑے گا۔‘‘
’’اسی طرح ان برتنوں کو ٹوٹتے دیکھنا جو جڑتے نہ ہوں، نقصان کی علامت ہے۔‘‘
’’کسی چیز کا اچک لیا جانا، چرالیا جانا، چوری اور اچکے جانے کا علم نہ ہوسکنا ضرور کسی چیز کا ضائع ہونا ہے، جس کے بچنے کی کوئی امید نہیں۔ ہاں ان لوگوں کا علم ہوجانا اور ان چیزوں کا دیکھنے والے کی آنکھ سے اوجھل نہ ہونا اس امکان کی علامت ہے کہ واپس مل جائے۔‘‘
’’جسم، قد، زبان، عضو، داڑھی، ہاتھ، پاؤں میں زیادتی کا دیکھنا بھلائی ہے اور ان اعضاء میں حد سے بڑھ کر زیادتی دیکھنا بری اور رسوائی کی بات ہے۔‘‘
’’جو لباس جس جگہ کا ہے، اگر اسے اس جگہ سے ہٹ کر کسی اور جگہ دیکھا جائے تو یہ ایک مکروہ بات ہے، جیسے عمامہ کو پاؤں میں اور جراب کو سر میں دیکھا جائے تو یہ کسی اچھی بات کی علامت نہیںہے۔‘‘
’’جو شخص خواب میں دیکھنے کہ وہ قاضی یا خلیفہ بنادیا گیا یا امیر یا وزیر بنا دیا گیا اور اس نے کوئی نا واجب خطبہ دیا تو اس کی تعبیر کسی دنیوی بلا، برائی، رسوائی اور بدنامی ہے۔‘‘
اگر نا پسندیدہ کپڑے دیکھے تو اس کا مطلب یہ ہوگا کہ پرانے لباس نئے ملبوسات سے بہتر ہیں۔‘‘
’’کسی آدمی کی موت خواب میں دیکھنے کی عموماً یہ تعبیر کی جاتی ہے کہ اسے توبہ کی توفیق اور حق تعالیٰ کی طرف رجوع نصیب ہوگا۔ اس لیے کہ موت دراصل خدا کی طرف لوٹنا ہے، فرمان الٰہی ہے: ’’پھر وہ خدا کی طرف لوٹائے جائیں گے جو ان کا سچا مالک ہے۔‘‘
(الانعام 62:6)
قرآنی آیات سے تعبیر:
’’کشتی کی تعبیر نجات ہے، کیوں کہ قرآن میں ہے کہ ہم نے اسے (نوح) اور ان کو جو اس کے ساتھ بھری ہوئی کشتی میں تھے، بچالیا۔‘‘ (الشعرآء 119:26)
’’لکڑیوں کی تعبیر منافقین سے ہے۔‘‘
’’پتھر کی تعبیر دل کی سختی سے ہے۔‘‘
’’انڈوں کی تعبیر عورتیں اور لباس کی تعبیر بھی عورتیں ہیں۔‘‘
’’پانی پینے کی تعبیر فتنہ ہے۔‘‘ (جاری ہے)
٭٭٭٭٭