شہباز گرفتاری پر الیکشن کمیشن سے نوٹس لینے کا مطالبہ

0

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )پاکستان مسلم لیگ ن نے میاں شہبازشریف کی گرفتاری پر الیکشن کمیشن کواپنے تحفظات سے آگاہ کردیا ۔جمعہ کوپاکستان مسلم لیگ ن کے وفد نے سیکریٹری الیکشن کمیشن سے ملاقات کی جس میں مسلم لیگ ن نے الیکشن کمیشن کو اپنے تحفظات سے تحریری طور پر آگاہ کردیاہے۔ مسلم لیگ ن کے وفد نے سیکریٹری الیکشن کمیشن سے ملاقات کی ،وفد میں مریم اورنگزیب، سینیٹر چودھری تنویر اور سردار یعقوب ناصر شامل تھے،وفد نے الیکشن کمیشن کو اپنے تحفظات سے تحریری طور پر آگاہ کیا ،سیکرٹری الیکشن کمیشن سے ملاقات کے بعد پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ عام انتخابات2018 سے متعلق کافی تحفظات تھے، فارم 45 کی فراہمی میں تاخیر کی گئی،اب ضمنی الیکشن میں فارم 45 کو کیسے دیکھا جا رہا ہے اس پربھی تحفظات سے سیکریٹری الیکشن کمیشن کو آگاہ کیا، شہبازشریف کی گرفتاری سے متعلق درخواست پر الیکشن کمیشن نوٹس لے گا۔ سینیٹر چودھری تنویر نے کہاکہ وفاقی وزیر ریلوے حلقے میں اپنے بھتیجے کی انتخابی مہم چلا رہے ہیں، لوگوں کو نوکریوں کا جھانسا دے کر فارم بانٹ رہے ہیں، الیکشن کمیشن نے ان کے خلاف صرف نوٹس کی حد تک کارروائی کی ہے، یہ سب پری پول دھاندلی کا منصوبہ ہے۔ادھرچیئرمین مسلم لیگ راجہ ظفر الحق نے الیکشن کمیشن کو خط لکھ کر استدعا کی ہے کہ آئین کے آرٹیکل 218 تین کے تحت نیب کو شہباز شریف کی رہائی کا حکم دیا جائے۔خط میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہباز شریف کی رہائی کے لیے اپنا اختیار استعمال کرے کیونکہ اپوزیشن لیڈر کی ضمنی انتخاب سے قبل گرفتاری انتخابات پر اثر انداز ہو گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More