خشک دودھ کی قیمتوں میں4ہزار روپے تک اضافہ

0

اسلام آباد(وقاص منیرچوہدری)عالمی مارکیٹ میں خشک دودھ کی قیمتیں50 سے55 فیصد تک گرنے کے با وجو د مقامی طور پر تیا ر ہو نے والےاور بیرون ممالک سے درآمد ہونے والے خشک دودھ کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں،خشک دودھ کے 10کلو بیگ پر مجموعی طور پر 4ہزار روپے کا اضافہ ہواجو کہ خشک دودھ کی قیمت میں ایک ریکارڈ ہے جبکہ مائع دودھ بنانے والی کمپنیوں نے بھی اپنی مصنو عات میں 21فیصد تک اضا فہ کر دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق رواں سال عالمی مارکیٹ میں خشک دودھ کی قیمتیں50 سے55 فیصد تک گرگئیں تاہم مقامی مارکیٹ میں بچوں کے دودھ کا چھوٹا ڈبہ سستا ہونے کے بجائے200روپے تک مہنگا کردیا گیا ہے۔خشک دودھ کی قیمتوں میں پچھلے دو ہفتوں کے درمیان 400 گرام ڈبے پر 2سو روپے کا اضافہ ہوا ہے۔مارکیٹ میں امپورٹڈدودھ10کلوبیگ 4 ہزار روپے اضافہ کے بعد20ہزار 400روپے کاہوگیا ہے۔مارکیٹ میں آئرش برانڈ خشک دودھ کی قیمت میں دوسوروپے کا اضافہ ہوااوراب اس کی قیمت چھ ہزار روپے فی 25کلوگرام بیگ سے بڑھ کر6ہزار دو سو ہوگئی ہے۔اسی طرح آسٹریلین دودھ پرایک سوروپے کے اضافے کے ساتھ فی پچیس کلو بیگ چھ ہزار روپے میں فروخت ہورہا ہے جبکہ مقامی سطح پر بننے والے خشک دودھ کی قیمت میں دو سو روپے کے اضافے کے ساتھ پانچ ہزار چھ سو روپے ہوگئی ہے۔دوسری جانب ملٹی نیشنل کمپنیوں نے اپنے برانڈ کے لیکوئیڈ دودھ کی قیمتوں میں 5سے 25روپے تک کا اضافہ کر دیا ہے ۔ کمپنیوں نے 250گرام مائع دودھ کے ڈبے کی قیمت میں 5روپے اضافہ کیا جس کے بعد قیمت 35روپے ہو گئی ہے جبکہ ایک لیٹر کے ڈبے کی قیمت میں 10روپے اضافہ کیا جس کے بعد قیمت 130روپے ہو گئی ہے۔دودھ کی قیمتوں میں اضافے کے بعد ہو ٹل مالکان نے 20روپے چائے کے کپ کی قیمت بڑھا کر 25 سے 30 روپے کر دی ہے۔ہوٹل مالکان کا کہنا تھا کہ چینی، پتی، سوئی گیس پہلے ہی مہنگی تھی جبکہ چائے کی قیمت میں اضافہ نہیں کیا گیا تھا تاہم اب دودھ مہنگا ہونے سے قیمت میں اضافہ مجبو ری بن چکا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More