بوم رینج
لیفٹیننٹ کرنل (ر) عادل اختر
کون سی نعمت ہے جو خدا نے برصغیر کے باشندوں کو نہیں بخشی، لیکن یہاں کے باشندے تحدیث نعمت کے بجائے کفران نعمت میں مبتلا ہیں۔ سب سے بری عادت تعصب ہے۔ مذہبی، لسانی، تہذیبی ہر طرح کا تعصب یہاں کے باشندوں کی فطرت میں شامل ہے۔ لیکن جس تعصب کا اس وقت ذکر ہے، وہ مذہبی تعصب ہے، جس میں بھارت کے عوام مبتلا ہیں۔ وہاں اس وقت ہندوتوا کا بڑا زور و شور ہے۔ اپنے مذہب سے محبت کوئی برائی نہیں۔ لیکن دوسروں کے مذہب سے نفرت بہت بڑی برائی ہے۔ اس مذہبی تعصب کی لہر پر سوار ہوکر نریندر مودی بھارت کے وزیراعظم بنے اور اب اگلے الیکشن میں بھی اسی تعصب کو ہوا دے کر جیتنا چاہتے ہیں۔ پاکستان میں عمران خان نے اقتدار میں آنے کے بعد بھارت کو پیشکش کی کہ اگر آپ امن کی راہ میں ایک قدم بڑھیں گے تو ہم دو قدم بڑھیں گے۔ بھارت کے وزیر اعظم نے اس پیشکش کا جواب دو قدم پیچھے ہٹ کردیا۔ پاک بھارت وزرائے خارجہ کی متوقع ملاقات منسوخ کر دی۔ نریندر مودی گجرات میں کئی ہزار مسلمانوں کے قتل عام میں ملوث ہیں۔ وہ ایک نسل پرست سیاستدان ہیں۔ وہ بھارت کے مسلمانوں کو ڈرا دھما کر اور ہندوؤں کے تعصب سے فائدہ اٹھا کر اگلا الیکشن جیتنا چاہتے ہیں۔ ’’مسلمانوں کو مٹا دو‘‘ یہ ہے ان کا نعرہ۔ نعرہ تو وہ انڈیا کی ترقی کا لگاتے ہیں۔ لیکن بغل میں چھری منہ پر رام رام کی مثال دینی ہو تو مودی سے موزوں اور کوئی نہیں ہے۔ ان کے ملک میں انسانیت کو کس طرح مارا جا رہا ہے۔ سنئے: ہر سال تیس لاکھ لڑکیوں کو لڑکی ہونے کی جرم میں ماں کے پیٹ میں مار دیا جاتا ہے۔ کروڑوں بھارتی غربت کی لکیر سے نیچے رہ رہے ہیں۔ آبروریزی کی وارداتوں میں بھارت سب سے آگے ہے۔ کوئی عورت محفوظ نہیں ہے۔ خود کشی کرنے والوں کی تعداد خطرناک حد کو پہنچ گئی ہے۔ کروڑوں لوگ عملاً غلاموں کی سی زندگی بسر کرتے ہیں۔ آدھی آبادی کے گھروں میں ٹائلٹ نہیں ہے۔ وہ کھلے عام رفع حاجت کرتے ہیں۔ آدھی آبادی نسلی امتیاز، بلکہ جنگی جنون میں مبتلا ہے۔ کشمیریوں پر زیست حرام کر دی ہے۔ سچی بات تو یہ ہے کہ بھارت پاکستان کو مٹانے کے درپے ہے۔ پاکستان کو مٹانے کے جنون میں بھارت خود برباد ہوتا جا رہا ہے اور پھونکوں سے چراغ بجھایا نہ جائے گا۔ جب پاکستان بنا تو فوجی طور پر بہت کمزور تھا۔ زندہ رہنے کے امکانات بہت کم تھے۔ اپنی حماقتوں کے باوجود آج پاکستان ایک مضبوط ملک بن چکا ہے۔ آج بھارت میں کرپشن پاکستان سے زیادہ ہے۔ بھارت کے دولت مند تاجر اور سیاستدان عوام کا خون چوس چوس کر موٹے ہورہے ہیں۔ bbc.com پر میں نے دیکھا کہ ایک سیاستدان نے اپنی بیٹی کی شادی پر پانچ ارب روپے لٹا دیئے۔ بھارت کا باضمیر طبقہ اس پر بڑی لعنت ملامت کررہا ہے۔ نریندر مودی کے غبارے سے ہوا نکل رہی ہے۔ بھارت کے باضمیر دانشور کھلم کھلا حکومت پر تنقید کر رہے ہیں۔ دانشور محسوس کر رہے ہیں کہ پاکستان دشمنی بھارت کو مہنگی پڑے گی۔ نریندر مودی کی پاکستان مٹاؤ پالیسی ان کے لئے بوم رینج ثابت ہو سکتی ہے۔ بوم رینج ایسا ہتھیار ہے جو آسٹریلیا کے شکاری استعمال کرتے تھے اور یہ ہتھیار گھومتا ہوا واپس آکر شکاری کو مار سکتا ہے۔ عمران خان بھارت سے نفرت کے نعرے لگا کر اقتدار میں نہیں آئے۔ یہ پاکستانیوں کی امن سے محبت کا واشگاف ثبوت ہے۔
٭٭٭٭٭