اَلْوَالِیْ جل جلالہ
ترجمہ: متولی اور متصرف
عدد: 47
خواص:
(1) جو کوئی اپنا یا کسی اور کا گھر ہر بلا اور بربادی سے بچانا چاہے تین سو بار اسم الوالی پڑھے۔ حق تعالیٰ نے چاہا تو وہ گھر محفوظ رہے گا۔
(2) اگر کسی کو تسخیر کرنے کی نیت سے گیارہ بار پڑھے گا، حق تعالیٰ نے چاہا تو وہ آدمی اس کا مطیع و منقاد ہوگا۔
(3) بالکل نئے اور کورے آبخورے پر اگر الوالی لکھ کر پڑھ کر اس میں پانی بھر کر گھر کے در و دیوار پر چھڑکے تو وہ گھر حق تعالیٰ نے چاہا تو بارش اور دیگر آفات سے محفوظ رہے گا۔
(4) جو کوئی اس اسم کو بہت پڑھے، بفضل باری تعالیٰ مخلوق میں ذی مرتبہ ہووے گا۔
(5) جو شخص کثرت سے الوالی کا ورد رکھے گا، حق تعالیٰ نے چاہا تو وہ ناگہانی آفتوں سے محفوظ رہے گا۔
(6) اسے کثرت سے پڑھنا بجلی کی کڑک سے حفاظت کے لئے مفید ہے۔
(7) اس اسم کا ذکر ان لوگوں کے لئے بہت مفید ہے، جو کچھ لوگوں کے ذمہ دار ہوں، مثلاً حاکم، افسر، شیخ وغیرہ ہم۔
اَلْمُتَعَالِ جل جلالہ
ترجمہ: سب سے بلند و برتر
عدد: 551
خواص:
(1) جو شخص کثرت سے المتعالی کا ورد رکھے، حق تعالیٰ نے چاہا تو اس کی تمام مشکلات رفع ہوں گی اور جو عورت ایام میں کثرت سے اس اسم کا ورد رکھے، حق تعالیٰ نے چاہا تو اس کی تکلیف رفع ہوگی۔
(2) جو بد فعل عورت ایام کی حالت میں اس اسم کو بہت پڑھے گی تو وہ اپنی بد فعلی سے نجات پائے گی۔
(3) جو شخص اتوار کی رات غسل کر کے آسمان کی طرف منہ کر کے اس کو تین بار پڑھ کر جو دعاء مانگے، حق تعالیٰ نے چاہا تو قبول ہوگی۔
(4) اس کے بکثرت ذکر سے رفعت اور درستی حاصل ہوتی ہے۔
(5) جو حاکم کے پاس جاتے وقت یہ اسم پڑھ لے، اسے حجت اور غلبہ نصیب ہوگا۔ (جاری ہے)
٭٭٭٭٭