سنتوں پر عمل کے فوائد

0

مغربی ممالک میں مایوسی کا مرض بہت عام ہے۔ ہر محلے میں پاگل خانے موجود ہیں اور نفسیاتی امراض کے ماہر سب سے زیادہ مصروف رہتے ہیں۔ اس کے برعکس مسلمانوں میں یہ مرض بہت کم ہے۔ خاص کر جن مسلمانوں کا تعلق دین سے زیادہ ہے، اُن میں یہ مرض بہت ہی کم پایا جاتا ہے۔ چنانچہ مغربی ممالک کے ڈاکٹروں نے اس کی وجہ دریافت کرنے کی کوشش کی ہے۔ نشتر اسپتال کے معروف سرجن ڈاکٹر نور احمد کہتے ہیں:
چند سال قبل میں فیصل آباد گیا تو وہاں کے پنجاب میڈیکل کالج کے سامنے ایک فزیوتھراپسٹ نے دکان کھولی ہوئی ہے، ان سے ملاقات ہوئی۔ اس نے ڈپلومہ جرمنی سے کیا ہوا ہے اور مجھے بتایا کہ اُس کو دورانِ تعلیم جرمنی کے ڈاکٹروں نے بتایا کہ مایوسی کا علاج انہوں نے ادویات کے علاوہ اور طریقوں میں دریافت کر لیا ہے۔ چنانچہ جرمنی میں ایک سیمینار ہوا، جس کا موضوع بحث یہ تھا کہ مایوسی کا علاج دوا کے علاوہ اور کن طریقوں سے کیا جاسکتا ہے۔
ایک ڈاکٹر نے بتایا کہ اس نے مایوسی کے چند مریضوں کے روزانہ پانچ دفعہ منہ دُھلائے اور کچھ مہینوں بعد ان کی بیماری کم ہو گئی۔ اسی ڈاکٹر نے مایوسی کے مریضوں کا دوسرا گروپ لیا، جس کے ہاتھ، منہ اور پاؤں روزانہ چند مرتبہ دھلوائے تو اس گروپ میں مایوسی کے مریضوں کو تو بہت ہی افاقہ ہوا۔ اپنے مقالے کے آخر میں اس نے یہ نتیجہ نکالا کہ یہ مرض مسلمانوں میں کم اس لئے ہے کہ وہ دن میں کئی مرتبہ منہ ہاتھ اور پاؤں دھوتے ہیں، یعنی وضو کرتے ہیں۔
نماز ِتہجد کا فائدہ: مایوسی کے مرض کا علاج مغربی ڈاکٹروں نے ایک اور دریافت کیا ہے۔ یہ بات خیبر میڈیکل کالج کے ماہرِ نفسیات نے بتائی۔ مغربی ممالک کے ڈاکٹروں نے دیکھا کہ جو مسلمان تہجد کے وقت جاگتے ہیں، مایوسی کا مرض اُن میں نہیں ہوتا۔ چنانچہ انہوں نے سوچا کہ تہجد کے وقت جاگنا مایوسی کے مرض کا علاج ہے۔
علمِ نفسیات کے ایک ماہر نے مایوسی کے مریضوں پر یہ تجربہ کیا۔ اُس نے مایوسی کے مریضوں کو تہجد کے وقت جگانا شروع کیا۔ یہ مریض جاگ کر کچھ پڑھ لیتے تھے اور پھر سو جاتے تھے۔ یہ معمول جب کئی مہینے تک مسلسل جاری رکھا گیا تو مایوسی کے مریضوں کو بہت فائدہ ہوا اور وہ دواؤں کے بغیر ٹھیک ہوگئے۔ چنانچہ اس مغربی ڈاکٹر نے یہ نتیجہ اخذ کیا کہ آدھی رات کے بعد جاگنا مایوسی کے مرض کا علاج ہے۔
٭٭٭٭٭

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More