معارف ومسائل
ھَلْ جَزَائُ الاِحْسَانِ… مقربین خاص کے دو باغوں کی کچھ تفصیل ذکر کرنے کے بعد یہ ارشاد فرمایا کہ احسان عمل کا بدلہ احسان جزا ہی ہو سکتا ہے، اس کے سوا کوئی احتمال نہیں، ان حضرات نے احسان عمل یعنی ہمیشہ نیک عمل کرنے کی پابندی کی تو حق تعالیٰ کی طرف سے ان کو عمدہ جزا ہی کا بدلہ دیا جانا چاہئے تھا، جو ان کو دیا گیا۔
مْدھَامَّتٰنِ… گہری سبزی کی وجہ سے جو سیاہی جھلکنے لگتی ہے، اس کو ادہمام کہا جاتا ہے، مراد یہی ہے کہ ان دونوں باغوں کی سر سبزی ان کے سیاہی مائل ہونے کا سبب ہوگی، یہ صفت اگرچہ پہلے دو باغوں میں ذکر نہیں کی گئی ہے، مگر اس سے یہ لازم نہیں آتا کہ ان میں یہ صفت نہ ہو، بلکہ اَفْنَانٍ جو وہاں کی صفت بتلائی ہے، اس میں مدہامتان کی صفت بھی شامل ہے۔
فِیھِنَّ خَیرٰت… خیرات سے مراد سیرت و کردار کی خوبی اور حسان سے مراد شکل و صورت کی خوبی ہے اور یہ امر بھی دونوں باغوں کی حوروں میں مشترک ہوگا، جس کی طرف اشارہ سابقہ آیات میں موجود ہے۔
مْتَّکئینَ … قاموس میں ہے کہ رفرف سبز رنگ کا ریشمی کپڑا ہے، جس کے فرش اور تکئے اور دوسرا زینت کا سامان بنایا جاتا ہے اور صحاح میں ہے کہ اس پر نقش و نگار درختوں اور پھولوں کے ہوتے ہیں، جس کو اردو میں مشجر کہا جاتا ہے، عبقری ہر عمدہ خوبصورت کپڑے کو کہا جاتا ہے، حسان سے اسی کا وصف خوبصورتی بیان کیا گیا ہے۔
تَبٰرَکَ اسْمُ… سورئہ رحمن میں بیشتر حق تعالیٰ کی نعمتوں اور انسان پر احسانات کا ذکر ہے، اس کے خاتمے پر خلاصے کے طور پر یہ جملہ ارشاد ہوا کہ اس ذات پاک کا تو کہنا کیا ہے، اس کا نام بھی بڑا بابرکت ہے، اس کے نام ہی سے یہ ساری نعمتیں قائم ہیں۔ تمت السورۃ (جاری ہے)
٭٭٭٭٭
Prev Post
Next Post