مجلس عمل کا تحفظ ناموس رسالت ملین آج ہوگا

0

کراچی (اسٹاف رپورٹر)متحدہ مجلس عمل کےتحت تحفظ ناموس رسالت ملین مارچ آج ہو گا ۔ شہر کے مختلف علاقوں سے قافلے شاہراہ قائدین پہنچیں گے۔ متحدہ مجلس عمل صوبہ سندھ کے زیراہتمام آسیہ ملعونہ کی رہائی کیخلاف شہر کے اضلاع کے مرکزی مقامات سے تحفظ ناموس رسالت ملین مارچ ہوگا ۔ بعد ازاں شاہراہ قائدین نورانی کباب چوک پر احتجاجی اجتماع عام کی صورت اختیار کر جائے گا۔ملین مارچ کے شرکا سے متحدہ مجلس عمل کے مرکزی صدر مولانا فضل الرحمن ، اویس نورانی سمیت دیگر مرکزی قائدین خصوصی خطاب کریں گے۔ علاوہ ازیں متحدہ مجلس عمل کے قائدین کا غیر رسمی اجلاس علامہ شاہ احمد نورانی کی رہائشگاہ پر مولانا فضل الرحمن کی صدارت میں منعقد ہوا۔اجلاس میں صوبائی صدر علامہ راشد محمود سومرو نے ملین مارچ کی تیاریوں کے سلسلے میں بریفنگ دی۔بعدازاں مرکزی رہنماؤں مولانا عبدالغفور حیدری اور شاہ اویس نورانی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ آسیہ مسیح کے کیس میں صرف نظر ثانی نہیں بلکہ اوپن عدالتی ٹرائل کیا جائے اور حالیہ فیصلہ دینے والے ججوں کو اپنے منصب سے الگ ہونا چاہیے۔یہ معاملہ امت مسلمہ کے ایمان کا معاملہ ہے اور اس وقت کوئی جبر یا سختی برداشت نہیں کی جائے گی۔ آج ہونے والے ملین مارچ میں مرکزی قیادت آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرے گی۔مولانا عبد الغفور حیدری نے کہا کہ یہ ملین مارچ ایم ایم اے اور عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے تحت ہو رہا ہے لیکن تمام مذہبی اور دینی قوتیں اس میں شریک ہوں گے۔ سپریم کورٹ کا حالیہ فیصلہ ناصرف عجیب و غریب ہے بلکہ مغرب کے دباؤ پر دیا گیا ہے۔ گواہوں اور اس کے اپنے بیان پر آسیہ مسیح کو سزا دی گئی اورسپریم کورٹ کے پاس یہ معاملہ 2014 میں آیا اور سپریم کورٹ نے خاموشی اختیار کی اور عالمی دباؤ کے باعث اس فیصلے کے لئے غازی علم الدین شہید کے دن کا انتخاب کیا گیا اگر یہ فیصلہ آزادنہ اور منصفانہ ہے تو سپریم کورٹ نے یہ فیصلہ سنانے میں 4 سال تاخیر کیوں کی۔ ناموس رسالت کا معاملہ انتہائی حساس اورامت مسلمہ کے ایمان کا معاملہ ہے ۔ اس پر کوئی مسلمان کمپرو مائز نہیں کر سکتا ہے۔ علاوہ ازیں عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے مرکزی رہنما مولانا اللہ وسایا، مولانا اعجاز مصطفی، مفتی خالد محمود، قاضی احسان و دیگر نے کہا ہے کہ شہر بھر سے قافلے ملین مارچ میں شریک ہوں گے۔گستاخ رسول کی رہائی ناقابل برداشت ہے۔کے پی کے میں پرامن احتجاج پر تنظیمی رہنماؤں پر مقدمات کا انداراج انتہائی افسوسناک ہے۔انہوں نے کہا کہ ضلع وسطی سے مولانا عبدالنعیم، غربی سے مولانا عمر صادق، شرقی سے مولانا محمد رضوان، جنوبی سے مولانا نورالحق اور ملیر سے مولانا محمد اسحاق مصطفی کی قیادت میں ریلیاں نکلیں گی ، جو دفتر ختم نبوت پرانی نمائش پر جمع ہوکر ملین مارچ میں شرکت کریں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More