ملک الجبال دربار نبویؐ میں:
(حدیث) حضرت عکرمہؒ فرماتے ہیں کہ رسول اکرمؐ نے ارشاد فرمایا:
(ترجمہ) ’’میرے پاس جبرائیلؑ آئے اور کہا: اے محمد! آپ کا رب آپ کو سلام کہتا ہے اور یہ ملک الجبال (پہاڑوں کا سرکردہ فرشتہ) ہے، جسے حق تعالیٰ نے آپ کے پاس بھیجا ہے اور اسے حکم فرمایا ہے کہ آپ کے حکم کے بغیر کوئی کام نہ کرے۔ پھر آپؐ کو ملک الجبالؑ نے عرض کیا: اگر آپ چاہیں تو میں ان (طائف والوں) پر پہاڑوں کو ملا دیتا ہوں۔ اگر چاہیں تو میں ان کو حصباء (ایک جگہ کا نام ہے وہاں) پھینک دیتا ہوں اور اگر چاہیں تو ان کو زمین میں دھنسا دیتا ہوں۔
آپؐ نے فرمایا: اے ملک الجبال! میں تو اس انتظار میں ہوں کہ ان میں سے خدا تعالیٰ ایک ایسی قوم پیدا فرمائیں جو کلمہ طیبہ پڑھیں۔ تو ملک الجبالؑ نے عرض کیا آپ تو (واقعی) ویسے ہی ہیں جیسے آپ کے پروردگار نے آپ کا نام رؤف رحیم (بہت نرم اور بڑا مہربان) رکھا ہے۔
رمیائیلؑ ارواح مومنین کا خزانچی:
حضرت وہب بن منبہؒ فرماتے ہیں جب مومنین کیارواح قبض کی جاتی ہیں تو ان کو ایک فرشتہ کے سپرد کردیا جاتا ہے، جس کا نام رمیائیلؑ ہے اور یہ ارواح مومنین کا خازن ہے۔ (ذکرالموت ابن ابی الدنیا)
دومہؑ ارواح کفار کا خزانچی:
(روایت) ابان بن تغلب ایک اہل کتاب (یہودی) سے نقل کرتے ہیں کہ وہ فرشتہ جو ارواح کفار پر مقرر ہے، اس کا نام دومہ ہے۔ (ذکر الموت ابن ابی الدنیا) (جاری ہے)
Next Post