خریدارنہ ملنے پر ملتان سلطان کا فرنچائز بنے گا

0

ندیم بلوچ
آئندہ برس فروری میں متحدہ عرب امارات میں شیڈول پاکستان سپر لیگ ٹی ٹوئنٹی کے چوتھے سیزن کیلئے خریدار نہ ملنے پر پاکستان کرکٹ بورڈ خود ملتان سلطانز کا فرنچائزر بنے گا۔ ابتدائی طور پر پی سی بی نے آئندہ ایڈیشن تک فرنچائز کو وقتی طور پر فروخت نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی اس ٹیم کے عارضی طور پر مالک بنیں گے۔ دوسری جانب خریداری کیلئے نئے امیدواروں کی قطاریں لگ گئی ہیں۔ تاہم چونکہ دستاویزات اور ٹیم انتظامیہ کو حتمی شکل دینے کیلئے کم ازکم پانچ ماہ کا وقت درکا ر ہوتا ہے۔ اس لئے اس بات کے بہت کم امکانات ہیں کہ کسی نئے خریدار کع معاہدے کی مقررہ ڈیڈ لائن تک فائنل کیا جا سکے۔ یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ 2020ء میں ہونے والے پی ایس ایل کے پانچویں سیزن میں ٹیم کا نام تبدیل کیا جائے۔ رواں سیزن میں اس ٹیم کو ’’چھٹی ٹیم‘‘ کے نام سے ہی پکارا جائے گا۔ دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان کے مطابق ملتان سلطانز کی ٹیم میں شامل مقامی اور غیر ملکی کھلاڑیوں اور کوچز کو بلا تعطل ادائیگیاں ممکن بنائی جائیں گی۔ 20 نومبر کو اسلام آباد میں شیڈول ڈرافٹنگ میں پی سی بی خود کھلاڑیوں کی خریداری کرے گا۔
’’امت‘‘ کو دستیاب اطلاعات کے مطابق پی سی بی نے پاکستان کے معروف بزنس گروپ شون پراپرٹی بروکرز کی زیر ملکیت فرنچائز ملتان سلطانز کا معاہدہ منسوخ کر دیا ہے۔ اس فیصلے کے بعد فرنچائزز کے تمام تر مالکانہ حقوق پاکستان کرکٹ بورڈ کو منتقل ہو گئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ملتان سلطانز کی ٹیم طے شدہ وقت کے مطابق متعدد مواقع ملنے کے باجود بینک گارنٹی جمع کرانے میں ناکام رہی تھی۔ جس کے بعد شون گروپ کا معاہدہ منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا۔ پاکستان کرکٹ بورڈکی جانب سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ ملتان سلطانز کی جانب سے معاہدے کے مطابق مالیاتی امور طے شدہ وقت پر انجام نہ دینے پر سابق فرنچائز کا معاہدہ منسوخ کر دیا گیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان سپر لیگ کا چوتھا ایڈیشن اپنے وقت پر منعقد ہو گا اور اس میں گزشتہ ایڈیشن کی طرح 6 ٹیمیں شرکت کریں گی۔ اس پریس ریلیز کے مطابق کھلاڑیوں اور کوچ کے معاہدوں کی تمام تر ذمے داری پی سی بی پر ہو گی اور جب تک مزید معاملات طے نہیں پا جاتے، اس وقت تک اس فرنچائز کو ’چھٹی ٹیم‘ یا پرانے نام سے ہی پکارا جائے گا۔ پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کے لیے ڈرافٹ کا عمل 20 نومبر کو ہو گا اور اس میں پاکستان کرکٹ بورڈ ’چھٹی ٹیم‘ کیلئے کھلاڑیوں کا انتخاب خود کرے گا۔ پی سی بی نے واضح کیا کہ کسی نئے فریق کو ’چھٹی ٹیم‘ کے حقوق کی منتقلی کیلئے باقاعدہ ٹینڈر نوٹس جاری کیا جائے گا اور اس کے بعد طے شدہ ضابطوں اور اصولوں کے مطابق تمام تر حقوق اس فریق کو منتقل ہو جائیں گے، جس کے بعد وہ فرنچائز کو اپنی مرضی کے شہر کے انتخاب اور نام دینے میں خود مختار ہو گا۔
یاد رہے کہ پی ایس ایل کی چھٹی ٹیم کی بولی کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ نے 5.2 ملین ڈالر سالانہ کی بنیادی رقم مختص کی تھی اور شون گروپ واحد فریق تھا جس نے بولی کے عمل میں حصہ لے کر فرنچائز اپنے نام کر کے اسے ’ملتان سلطانز‘ کا نام دیا تھا۔ گزشتہ برس ہونے والے پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن میں ملتان سلطانز نے پہلی مرتبہ شرکت کی تھی، لیکن اس کیلئے ایونٹ کی یادیں خوشگوار نہیں رہی تھیں۔ ابتدائی میچوں میں کامیابیوں کے بعد مسلسل ناکامیوں کے سبب وہ پلے آف مرحلے میں بھی نہیں پہنچ سکی تھی۔
پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کا آغاز 14 فروری 2019ء کو رنگا رنگ افتتاحی تقریب کے ساتھ متحدہ عرب امارات میں ہوگا۔ یاد رہے کہ دبئی لینڈ ڈپارٹمنٹ نے پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز شون گروپ کے نام سے رجسٹرڈ اراضی، پلاٹس اور ایسکر اکائونٹس ضبط کر لئے تھے۔ جس کے بعد شون گروپ پاکستان کرکٹ بورڈ کو رقم کی ادائیگی کرنے میں ناکام رہا۔ دبئی حکام نے یہ اقدام شون گروپ کی جانب سے سرمایہ کاروں کے مبینہ استحصال کے پیش نظر سرمایہ کاروں کے حقوق کی حفاظت میں اٹھایا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More