آئی ایم ایف ٹیکس وصولی ہدف بڑھانے کا مطالبہ کرے گا

0

اسلام آباد(امت نیوز) آئی ایم ایف سے قرضہ لینے کیلئے پاکستان کو سالانہ ٹیکس وصولی کا ہدف بڑھانے کے ساتھ ساتھ نجکاری کئے جانے والے اداروں کی فہرست میں بھی اضافہ کرنا ہوگا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومت نے عالمی مالیاتی ادارے کو فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے انتظامی اور پالیسی امور کو علیحدہ کرنے اور 20کھرب روپے کی ریکوری کے لیے جامع کوششیں کرنے کی یقین دہائی کرائی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ مالی معاونت حاصل کر کے بیرونی اکاؤنٹ خلا پر قابو رکھا جاسکے۔ وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق حکومت نے آئی ایم ایف کو یقین دہانی کروائی کہ آئندہ 100روز کے اندر ایف بی آر کے انتظامی اور پالیسی امور کو علیحدہ کردیا جائے گا۔حکام کا مزید کہنا تھا کہ آئی ایم ایف نے اپنا حصہ کم سے کم رکھا ہے اور پاکستان سے امید ظاہر کی کہ وہ اپنے ذرائع آمدن کو بڑھائے۔ رپورٹ کے مطابق مذاکرات کے دوران آئی ایم ایف کا ایک بڑا اعتراض نجکاری فہرست سے خسارے کا شکار اداروں کا اخراج تھا، واضح رہے کہ پی ٹی آئی حکومت نے عالمی مالیاتی ادارے سے مذاکرات سے ایک ہفتہ قبل نجکاری کئے جانے والے اداروں کی فہرست سے پی آئی اے، پاکستان اسٹیل مل اورتوانائی پیدا اور تقسیم کرنے والی تمام کمپنیاں نکال دی تھیں۔ ذرائع نے بتایا کہ آئی ایم ایف خسارے کا شکار اداروں کی بحالی سے متعلق حکومتی منصوبے کو قابل عمل نہیں سمجھتا، جب کہ حکومت نے یقین دلایا ہے کہ وہ گورننس کے مسائل پر قابو پاتے ہوئے ان اداروں کو پاؤں پر کھڑا کرنے میں کامیاب ہوجائے گی۔ دوسرا بڑا معاملہ محصولات وصولی کا سالانہ ہدف ہے ، آئی ایم ایف کا خیال ہے کہ ایف بی آر روپیہ قدر گرنے اور اشیا کے نرخ بڑھنے سے پیدا مواقع سے فائدہ اٹھاکر زیادہ محصولات اکٹھا کرسکتا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More