کریمنل جسٹس سسٹم میں اصلاحات کیلئے نیکٹا سفارشات تیار

0

اسلام آباد(محمد فیضان) نیشنل کاؤنٹر ٹیرر ازم اتھارٹی نے ملک میں دہشتگردی سمیت دیگر خطرناک جرائم کی سرکوبی اور خاتمے کیلئے کریمنل جسٹس سسٹم بشمول عدلیہ ،پولیس ،پرا سیکیوشن ،جیلو ں ، پیرول او ر پروبیشن کے شعبوں میں اصلاحات اور تبدیلیوں کو ناگزیر قرار دے دیا ہے اور اس میں بہتری کیلئے سفارشات مرتب کر کےوزیر اعظم آفس اور چاروں صوبوں کو بھجوا دی ہیں جبکہ وزارت داخلہ نے پہلے ہی ان سفارشات اور تجاویز کی منظوری دیدی ہے۔نیکٹا نے کریمنل جسٹس سسٹم میں تبدیلی کیلئے سفارشات اور تجاویز چاروں صوبوں ، وفاقی دارالحکومت ،گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کی حکومتوں سے مشاورت کے بعد تیار کی گئیں۔ ذرائع کے مطابق نیکٹا نے کریمنل جسٹس سسٹم میں تبدیلی کیلئے جو تجاویز اور سفارشات پیش کی ہیں ان کی منظوری کی صورت میں عمل درآمد کی منصوبہ بندی اورحکمت عملی سمیت فرائض اور وقت کی حد کا تعین بھی انہیں میں کر دیا ہے۔ دوسری جانب نیکٹا نے نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کے حوالے سے تازہ ترین رپورٹ مرتب کی ہے جس میں نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے حوالے سے اعدا و شمار بیان کئے گئےہیں جن کے مطابق نیکٹا کو اپنے اخراجات پورے کرنے اور نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد میں مشکلات کا سامنا ہے ۔حکومت کی جانب سے مطلوبہ بجٹ فراہم نہیں کیا جا رہا ۔رواں مالی سال 19-2018میں نیکٹا نے ڈیڑھ ارب روپے مانگے تھے لیکن اسے صرف 140ملین روپے یعنی 14کروڑ روپے فراہم کیے گئے ہیں ۔نیکٹا نے رپورٹ میں بتایا کہ نیپ کے تحت کراچی آپریشن کے نتیجے میں دہشت گردی 98فیصد کم ہو گئی اور اب تک 33لا کھ 378ہتھیار برآمدکیے گئے ۔ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں 97فیصد کمی ہوئی ۔قتل کی وارداتوں میں 87فیصد کمی آئی اور لوٹ مار کی وارداتیں 52فیصد کم ہو گئیں ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More