ماحول دوست عالمی مقابلے میں بحریہ ٹائون اول

0

جنیوا (امت نیوز) سوئٹزر لینڈ کے شہر جنیوا میں دنیا کے ممتاز ماہرین ماحولیات اور ٹائون پلانرز نے کراچی میں تعمیر ہونے والے بحریہ ٹائون کو دنیا کی سب سے ماحول دوست بستی قرار دیا ہے۔ ججز کے مطابق گزشتہ 5 برس کے دوران دنیا بھر میں تعمیر ہونے والی درجن بھر سے زائد بستیوں میں سب سے زیادہ نمبر بحریہ ٹائون کراچی نے حاصل کئے۔ واضح رہے کہ اس مقابلے میں اسپین، اٹلی،برازیل، ترکی، فرانس اور مراکش سمیت ایک درجن سے زائد ممالک میں تعمیر ہونے والی ماڈل بستیوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ یہ کام ماہرین کے ایک پینل نے کیا۔ جن کے نام خفیہ رکھے گئے تھے۔ تاکہ کوئی ملک یا ٹائون پلانر ان پر اثرانداز نہ ہو سکے۔ مقابلے میں بحریہ ٹائون نے سب سے زیادہ یعنی بارہ میں سے ساڑھے گیارہ نمبر حاصل کئے۔ واضح رہے کہ دنیا بھر کے مستند ماہرین ماحولیات اور ٹائون پلانر کی یہ کانفرنس ہر 3برس بعد جنیوا میں ہوتی ہے۔ جو دنیا بھر میں گزشتہ 5برس کے دوران تعمیر ہونے والی بہترین بستیوں کا تعین کرتی ہے۔ یہ کانفرنس سوئٹزر لینڈ کی ایک عالمی این جی او۔ سرکاری محکمہ ماحولیات اور جنیوا یونیورسٹی کے تعاون سے کرتی ہے۔ کانفرنس میں صرف ماہرین کو شرکت کی دعوت دی جاتی ہے۔ کانفرنس 3 دن تک جاری رہتی ہے۔ اس میں مدعو مہمان اپنے اپنے مقالے پیش کرتے ہیں۔ جو تعمیراتی صنعت سے عالمی ماحول کو لاحق خطرات کا جائزہ لیتے ہیں۔ پیدا ہونے والی خرابیوں کی نشاندہی کرتے ہیں۔ اور ان کا حل پیش کرتے ہیں۔ سوئٹزر لینڈ کے اخبارات باسلر زیتونگ اور برنر زیتونگ کے مطابق اکتوبر کی آخر میں ہونے والی یہ کانفرنس 3دن جاری رہی۔ ابتدائی دو دنوں میں دنیا بھر سے آئے ماہرین نے اپنے مقالے پڑھے۔ جبکہ تیسرے دن ایک درجن سے زائد جدید بستیوں کا جائزہ لیا گیا۔ جو مختلف ممالک میں 5برس کے دوران بنی تھیں۔ ان بستیوں کا انتخاب ماہرین کے ایک پینل نے کیا تھا۔ جنہیں گزشتہ کانفرنس نے نامزد کیا تھا۔ ان ماہرین کے نام خفیہ رکھے گئے تھے۔ تاکہ کوئی انہیں اپروچ نہ کر سکے۔ ان بستیوں کا تفصیلی جائزہ کانفرنس کے طے کردہ معیار پر لیا گیا۔ اور ججز کی ایک کمیٹی نے انہیں نمبر دیئے اخبار کے مطابق حیرت انگیز طور پر کراچی کے بحریہ ٹائون کو سب سے زیادہ نمبر ملے۔ اور وہ 5 برس کے دوران تعمیر ہونے والی بستیوں میں سب سے زیادہ ماحول دوست قرار پائی۔ واضح رہے کہ کانفرنس میں کسی تعمیراتی ادارے کے نمائندوں کو شرکت کی اجازت نہیں دی جاتی۔ نہ کانفرنس کے نتائج سے انہیں آگاہ کیا جاتا ہے۔ اخبار کے مطابق بستیوں کا انتخاب ماہرین کا ایک پینل کرتا ہے۔ جو کانفرنس کے انعقاد سے ایک برس قبل اپنا کام شروع کرتا ہے۔ اور اپنی سفارشات کانفرنس کی ججز کمیٹی کو پیش کرتا ہے۔ ججز کمیٹی ان سفارشات کا جائزہ لے کر انہیں منظور یا جزوی تبدیل کرنے کا فیصلہ کرتی ہے۔ سوئس اخبارات کے مطابق بحریہ ٹائون کو سب سے زیادہ ماحول دوست بستی کا اعزاز دینے سے قبل۔ اس کے تعمیراتی معیار۔ تیز رفتار لیکن محفوظ تعمیرات، صاف ہوا کی گزرگاہوں کے لیے ضروری چینل کے ڈیزائن، سیکورٹی انتظامات، نکاسیٔ آب، صحت بخش پانی کی فراہمی، بجلی کی بلارکاوٹ ترسیل اور بستی کو شہر سے ملانے والے مواصلاتی رابطوں کی جانچ سمیت درجن سے زائد نکات کا جائزہ لیا گیا۔ اخبارات کے مطابق اعلیٰ ماہرین کی جانب سے تیسری دنیا کے ایک ایسے ملک کو یہ اعزاز دیا جانا حیرت انگیز ہے۔ جہاں نصف سے زائد آبادی صاف پانی سے محروم ہے۔ اور ایک تہائی آبادی خط غربت سے نیچے ہے۔ سوئس اخبارات کا کہنا ہے کہ بحریہ ٹائون خود اپنے تعمیر کرنے والوں کے لیے بھی ایک چیلنج ہے کہ مستقبل کے تعمیراتی منصوبوں میں وہ اس اعلیٰ معیار کو مزید آگے کیسے لے کے جائیں گے؟ ۔اخبار کا کہنا ہے کہ کانفرنس میں شریک اٹلی کے ایک ماہر ماحولیات پروفیسر مارکو بیانچی کے مطابق بحریہ ٹائون تیسری دنیا کے ساتھ ساتھ مغرب کے لیے بھی ایک ماڈل ہے۔ کیونکہ جن حالات میں یہ بستی ابھری ہے۔ وہ شدید بے چینی اور بدامنی سے نبردآزما تھے۔ اخبار کے مطابق فرانسیسی ماہر ٹائون پلانر پروفیسر ڈوبوئس نے بحریہ کی تیز رفتار تعمیر کے ساتھ اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنا اس کی بڑی خوبی قرار دیا۔ واضح رہے کہ یہ دونوں ماہرین ججز پینل میں شامل تھے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More