ابوظہبی کی بالنگ وکٹ پر بلے باز لڑکھڑا گئے

0

امت رپورٹ
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ ابو ظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں شروع ہوگیا ہے۔ جہاں ابو ظہبی کی بالنگ وکٹ پر بلے باز لڑکھڑا گئے ہیں۔ ٹیسٹ کے پہلے روز ہی 12 وکٹ گر گئی ہیں۔ کیویز اپنی پہلی اننگ میں 153 رنز پر ڈھیر ہوگئے۔ جبکہ پاکستانی اوپننگ اسٹینڈ بھی جلد پویلین بدر ہوگیا۔ کرک انفو کے میچ ایکسپرٹس کا کہنا ہے کہ ایسی صورت حال میں میچ کا نتیجہ تیسرے روز ہی آنے کا امکان ہے۔ جبکہ ماہرین نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ آج کا ابتدائی سیشن قومی بلے بازوں کیلئے بھاری ہوگا۔ ممکن ہے کہ پاکستانی ٹیم زیادہ سے زیادہ اپنی پہلی اننگ میں 250 رنز کے قریب بنا پائے۔ دوسری جانب پاکستان کیلئے ٹیسٹ رینکنگ بہتر بنانے کا سنہری موقع موجود ہے۔ رپورٹ کے مطابق سیریز میں کلین سوئپ پاکستان کو چوتھی پوزیشن دلا دے گی۔ واضح رہے کہ آئی سی سی کی عالمی ٹیسٹ درجہ بندی میں بھارت پہلے، جنوبی افریقہ دوسرے اور انگلینڈ تیسرے نمبر پر موجود ہے۔ سیریز کے آغاز سے قبل ٹیسٹ کرکٹ کی عالمی درجہ بندی میں قومی ٹیم 95 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں نمبر پر براجمان ہے۔ جبکہ نیوزی لینڈ 102 پوائنٹس کے ساتھ معمولی پوائنٹس کے فرق سے آسٹریلیا سے آگے چوتھی پوزیشن پر موجود ہے۔ اگر سرفراز احمد کی زیر قیادت قومی ٹیم اس سیریز میں 2-1 یا 1-0 سے فتح سمیٹنے میں کامیاب رہتی ہے تو اس کے پوائنٹس کی تعداد 99 ہو جائے گی۔ جبکہ نیوزی لینڈ کے پوائنٹس کم ہو کر 98 رہ جائیں گے۔ یوں پاکستان پانچویں اور نیوزی لینڈ چھٹی پوزیشن پر آجائے گا۔ سیریز میں 0-2 سے فتح کی صورت میں پاکستان کے پوائنٹس کی تعداد 101 ہو جائے گی، لیکن وہ پانچویں نمبر پر ہی رہے گی۔ البتہ نیوزی لینڈ کی ٹیم کے پوائنٹس کم ہو کر 96 رہ جائیں گے اور وہ 7 ویں نمبر پر آجائے گی۔ تاہم اگر پاکستانی ٹیم سیریز میں نیوزی لینڈ کے خلاف3-0 سے کامیابی حاصل کرلیتی ہے تو اس کے پوائنٹس 103 ہوجائیں گے اور اس کے ساتھ ہی ٹیسٹ رینکنگ میں چوتھی پوزیشن بھی اس کے قبضے میں آجائے گی۔ جبکہ نیوزی لینڈ کے پوائنٹس 94 رہ جائیں گے۔ دوسری جانب ابو ظہبی میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں کیوی ٹیم 153 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ کیوی ٹیم کی جانب سے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا گیا، جو صحیح ثابت نہیں ہوا اور قومی ٹیم ابتدا سے ہی میچ پر حاوی رہی۔ پاکستانی ٹیم کی جانب سے یاسر شاہ نے 3، حسن علی، محمد عباس اور حارث سہیل نے 2, 2 وکٹیں حاصل کیں۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے سب سے زیادہ رنز کپتان کین ولیم سن نے بنائے۔ وہ 112 گیندوں پر 63 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ قبل ازیں ابو ظہبی میں ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ ٹیم کے کپتان کین ولیم سن کا کہنا تھا کہ وہ پہلے بیٹنگ کر کے اچھا اسکور کرنے کی کوشش کریں گے۔ اعجاز پٹیل اپنے ڈیبو میچ میں اچھی پرفارمنس پیش کریں گے۔ تاہم میچ کے اختتام کے بعد کیوی کپتان نے ٹیم کی کارکردگی پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی بالرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ لیکن پچ بھی بالرز کو سپورٹ کر رہی ہے۔ ادھر پاکستانی ٹیم بھی اپنی پہلی اننگ کا آغاز پر اعتماد انداز میں کرنے میں ناکام رہی ہے۔ صرف 27 رنز کے اسکور پر پاکستانی اوپننگ بیٹسمین پویلین چلتے بنے۔ محمد حفیظ 20 رنز، جبکہ امام الحق صرف 6 رنز بنا سکے۔ تاہم کھیل کے اختتام تک اظہر علی 10 رنز اور حارث سہیل 20 رنز پر کھیل رہے تھے۔ میچ کے اختتام پر قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ’’پاکستانی بالرز نے شاندار بالنگ کا مظاہرہ کیا۔ ہمارا مشن یہی تھا کہ حریف ٹیم کے کسی بھی بیٹسمین کو زیادہ دیر وکٹ پر ٹھہرنے نہ دیں‘‘۔ واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلے ٹیسٹ میچ میں فاسٹ بالر محمد عباس کو ٹرمپ کارڈ قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ آسٹریلیا کے خلاف گزشتہ ٹیسٹ سیریز میں انہوں نے عمدہ بالنگ کا مظاہر کیا تھا اور 2 میچوں میں 17 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ ٹی ٹوئنٹی میچز کی بات کی جائے تو اس سیریز میں پاکستان نے کیوی ٹیم کو وائٹ واش کیا تھا اور مسلسل 11 ٹی ٹوئنٹی سیریز جیتنے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ تاہم ون ڈے سیریز کی ابتدا پاکستان کی شکست سے ہوئی تھی، لیکن دوسرے میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو شکست دے دی تھی۔ جبکہ تیسرا اور آخری میچ بارش کی نظر ہوگیا تھا اور سیریز ایک ایک سے برابر رہی تھی۔ ٹیسٹ میچ میں پاکستان کی ٹیم کپتان سرفراز احمد، امام الحق، محمد حفیظ، اظہر علی، حارث سہیل، بابر اعظم، اسد شفیق، حسن علی، بلال آصف، محمد عباس اور یاسر شاہ پر مشتمل ہے۔ کیوی ٹیم میں کپتان کین ولیم سن، کے اے روال، ٹی ڈبلیو لیتھم، روس ٹیلر، بی جے واٹلنگ، ہینری نیکولز، کولن دے گرانڈ ہوم، نیل واگنر، اعجاز پٹیل، ٹرینٹ بولٹ اور اش سودھی شامل ہیں۔ ٭
٭٭٭٭٭

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More