حالات کے مطابق یو ٹرن نہ لینے والا کامیاب لیڈر نہیں ہوتا- وزیراعظم
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہےکہ جو لیڈر حالات کے مطابق یوٹرن نہ لے وہ لیڈر ہی نہیں کیونکہ ہٹلر اور نپولین نے یوٹرن نہ لے کر بڑی شکست کھائی۔اسلام آباد میں سینئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ دورۂ چین کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں، اس بار چین کا دورہ جتنا کامیاب رہا کسی وزیراعظم کا دورہ اتنا کامیاب نہیں رہا، چین سے ہر قسم کی امداد مل رہی ہے، ہم مطمئن ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ جو لیڈر حالات کے مطابق یوٹرن نہ لے وہ لیڈر ہی نہیں، جو یو ٹرن لینا نہیں جانتا اس سے بڑا بے وقوف لیڈر نہیں ہوتا، ہٹلر اور نپولین نے یوٹرن نہ لے کر بڑی شکست کھائی جب کہ نواز شریف نے عدالت میں یوٹرن نہیں، جھوٹ بولا۔چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے معاملے پر عمران خان کا کہنا تھا کہ کرپشن کیس کا سامنا کرنے والے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین نہیں بن سکتے اور شہبازشریف کو چیئرمین پی اے سی بنانا قوم سے مذاق ہوگا۔