متحدہ ٹارگٹ کلر لائنزایریا سے پکڑا گیا
کراچی(اسٹاف رپورٹر)اینٹی کارلفٹنگ سیل پولیس نے لائنز ایریا میں کارروائی کرتے ہوئے متحدہ قومی موومنٹ لندن کے خطرناک ٹارگٹ کلر کامران عرف کامی کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔اینٹی کارلفٹنگ سیل پولیس نے لائنز ایریا میں کارروائی کرتے ہوئے متحدہ قومی موومنٹ لندن کے خطرناک ٹارگٹ کلر کامران عرف کامی بٹ کو گرفتار کرتے ہوئے اسکے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ متحدہ ٹارگٹ کلر کراچی میں آپریشن شروع ہونے کے بعد سال 2015 میں سعودیہ چلا گیا اور اس نے ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ لائنز ایریا میں چھپا دیاتھا، جوکہ رینجرز نے برآمد کیا، پولیس کا کہنا ہے کہ کامی کچھ ہی ماہ پہلے سعودیہ سے کراچی آیا تھا اور اسکو انٹیلی جنس اطلاع پر گرفتار کرلیا گیا ، ٹارگٹ کلر نے دوران تفتیش بتایا کہ اس نے مہاجر قومی موومنٹ کے کارکن نسیم بھیا اور فرحان عرف ڈکیت کو اپنے دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر قتل کیا جبکہ سنی تحریک کے کارکن نوید عرف 25 اور بابر کو قتل کیا تھا ،ٹارگٹ کلر نے مزید بتایا کہ وہ لائنز ایریا ، صدر اور دیگر مارکیٹوں میں بھتہ کی پرچیاں دیتا تھا اور زکوة ٰ، فطرہ اور قربانی کی کھالیں بھی چھینتا تھا ۔