100 روزہ کارکردگی – قوانین میں ترمیم – اصلاحات کے 17 مسودے تیار

0

اسلام آباد(اخترصدیقی )وفاقی وزارت قانون وانصاف نے وزیراعظم پاکستان عمران خان کی جانب سے پہلے 100روزکی کارکردگی بارے اپناہدف مقررہ مدت سے بہت پہلے حاصل کرلیا، 75روزمیں 17قوانین میں ترامیم اور اصلاحات کے بل ڈرافٹ کیے گئے جووزیراعظم ہاؤس بھجوائے جارہے ہیں جن کے بارے وزیراعظم عمران خان 100روزہ پلان کی تفصیلات بتاتے ہوئے ذکرکریں گے۔نگران دورمیں بنائے گئے بعض قوانین کے ڈرافٹس کوایک طرف رکھ دیاگیاہے اور نئے سرے سے کام کیاگیاہے۔نیب قوانین میں ترمیم بارے ڈرافٹ بارے دیگروزارت حکام سے الگ کیاجارہاہے جس کے بارے میں الگ سے تفصیلات جاری کی جائیگی۔ذرائع نے ’’امت‘‘ کوبتایا ہے کہ وفاقی وزارت قانون وانصاف نے اپنے اہداف حاصل کرنے میں اول آنے کادعوی ٰ کیاہے اوروزارت نے 100روز کا کام75دنوں میں ہی مکمل کرلیا اور 17قوانین کے ڈرافٹ تیار کرلیے ہیں اب ان کی نوک پلک سنواری جارہی ہے اور اس کے بعدان کووزیراعظم عمران خان کوارسال کردیاجائے گا۔جن قوانین میں ترامیم اور اصلاحات کی جارہی ہیں اوران کے حوالے سے جوڈرافٹ بنائے گئے ہیں ان میں باہمی قانونی معاونت کاقانون ،وراثتی قوانین پر عمل درآمدبارے معاملات،غریب طبقے کے لیے مفت قانونی امدادکاطریقہ کار،سول مقدمات کاپروسیجراورطریقہ کار میں تبدیلی اوردیگر قوانین شامل ہیں- وفاقی وزارت قانون وانصاف کی ترجمان فارینہ مغل نے ’’امت‘‘ سے گفتگومیں بتایاکہ وفاقی وزیرقانون بیرسٹرفروغ نسیم نے چارج سنبھالتے ہی تیزی سے اپنے اہداف مکمل کرانے کے لیے کوشش کی اوراس میں کامیاب ہوگئے ہیں،ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہاکہ ہم ابھی اپنے سارے کام کے بارے میں تفصیلات شیئر نہیں کرسکتے،ان سب کے بارے میں ایک ساتھ کارکردگی بارے تفصیلات وزیراعظم عمران خان ہی حکومت کے 100روزہ کارکردگی کے حوالے سے بتائیں گے۔انھوں نے کہاکہ ہم نے کافی قوانین پر کام کیا ہے اور کئی کے بارے میں ڈرافٹ بھی تیار کرلیے ہیں۔نیب قوانین میں ترمیم بارے سوال کے جواب میں وزارت کی ترجمان نے بتایاکہ نیب پر کام کے حوالے سے انھیں ابھی معلومات نہیں ملی ہیں ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More