2واٹر بورڈ افسران نے ڈیڑھ کروڑ کا چونا لگا دیا

0

کراچی (رپورٹ:عظمت علی رحمانی)واٹر بورڈ کے 2 ریونیو افسران نے غیر قانونی کنکشن لینے والوں کو بلنگ جاری، لاکھوں روپے رشوت کے عوض ادارے کوڈیڑھ کروڑ کا چونا لگا دیا گیا۔اینٹی کرپشن کو موصول ہونے والی دستاویزات میں ڈپٹی ڈائریکٹر بلنگ حمید پٹھان اور ڈٖپٹی ڈائریکٹر شادمان ٹاؤن نعیم اللہ کو انفرادی بلنگ میں ملوث قرار دیا گیا ہے ۔ایم ڈی خالد محمود نے معاملے سے لاعلمی ظاہرکی اور واضح کیا ہے کہ اگر ایسا ہوا تو ذمہ داران کیخلاف کارروائی ہوگی۔واضح رہے کہ شہر میں ایک جانب پانی کی شدید کمی پائی جاتی ہے تو دوسری جانب ملی بھگت سے3سے 4انچ کے غیر قانونی کنکشن دیئے جاتے ہیں جس کے بعد افسران کی جانب سے ان کنکشنز کو قانونی کرنے کے لئے چور راستہ دکھا کر ادارے کو مزید نقصان پہنچایا جاتا ہے۔اینٹی کرپشن اسٹبلشمنٹ کو موصول ہونےو الی ایک درخواست اور دستاویزات میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ایک سادہ درخواست پر نارتھ کراچی کے سیکٹر الیون اے، پلاٹ نمبر ایف ایل 5پر 3انچ کا غیر قانونی کنکشن لینے والے پلاٹ مالک کوشادمان ٹاؤن کے ڈپٹی ڈائریکٹر نعیم اللہ خان نے واٹر بورڈ کے ریونیو ریسورس اینڈ جنریشن ڈیپارٹمنٹ کے ڈپٹی ڈائریکٹر حمید پٹھان سے مل کر 26دسمبر 2017کو انفرادی بلنگ جاری کرادی ۔اسی طرح نارتھ ناظم آباد سیکٹر الیون اے ،پلاٹ نمبر ایف ایل 11پر بھی غیر قانونی کنکشن لیا گیا ، جس کوقانونی شکل دینے کے لئے اعلی افسران کی اجازت لئے بغیر 28اکتوبر 2017کو ایک سادہ سی درخواست پر انفرادی بلنگ جاری کرائی گئی۔معلوم ہوا ہےکہ واٹر بورڈ میں نئے کنکشن پر کے فور مکمل ہونے تک پابندی عائد ہے جبکہ دوسری جانب قانونی طریقہ کار کے تحت کسی بھی جگہ کنکشن لینے کے لئے متعلقہ لائن کے تناسب سے کنکشن کا فی انچ کے حساب سے چالان جمع کرایا جاتا ہے، مذکورہ ایریا میں واٹر بورڈ کی 24انچ قطر کی لائن سے جہاں سے3انچ کے کنکشن لئے گئے، وہاں فی کنکشن چالان 68 لاکھ 60ہزار 500روپے ہے، جبکہ اس کے سیوریج کا چالان بھی لگ بھگ اتنا ہی بنتا ہے ۔ اس طرح ادارے کو کم ازکم ڈیڑ ھ کروڑ روپے کا نقصان پہنچا یا گیا ہے ، جبکہ ذرائع کا کہنا ہے کہ دو پلاٹس کو دیئے گئے کنکشن کا مجموعی پانی و سیوریج کا چالان 2کروڑ روپے کے قریب بنتا ہے ۔دوسری جانب کمرشل اوررہائشی مکینوں سے بلوں کی مد میں ہر ماہ78کروڑ روپےسے زائدوصول کرکے ادارے کے اخراجات چلانے والے اہم ترین محکمہ ریونیو ریسورس اینڈ جنریشن کے سربراہ گریڈ 20کے افسر محمد اسلم خان دو ہفتے قبل ریٹائرڈ ہو گئے تاہم اس کے بعد سے تاحال ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر کا تقرر نہیں کیا جاسکا ہے ۔اس حوالے سے واٹر بورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی )خالد محمود شیخ سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ فی الحال ریونیو ڈپارٹمنٹ کا ڈی ایم ڈی کسی کو تعینات نہیں کیا ہے ،تاہم ایک دو روز میں کسی نہ کسی افسرکو تعینات کیا جائے گا ۔ نارتھ کراچی میں مذکورہ دونوں پروجیکٹس کی غیر قانونی انفرادی بلنگ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ میرے علم میں نہیں ہے کہ کسی افسر نے ایسا کیا ہے ، تاہم اگر ایسا ہوا ہے تو اس افسر کے خلاف کارروائی کی جائے گی ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More