میئرنےنصف صدی پرانی فریم مارکیٹ بھی مسمار کرادی

0

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) میئرکراچی وسیم اختر نے نصف صدی پرانی فریم مارکیٹ بھی مسمار کرادی جس کے باعث سینکڑوں دکاندار اور کاریگر بےروزگار ہو گئے۔ سندھ حکومت کی تھپکی کے باعث میئر نے کارروائیاں تیز کردیں۔ منگل کو وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے میئر وسیم اختر کو ٹیلی فون کیا اور کہا کہ اولڈ سٹی سے پاکستان چوک تا صدر بحالی کے کام کو تیز کیا جائے گا اور اسی طرز پر شہر کے دیگرعلاقوں میں بحالی کا کام کیا جائے۔ منگل کے روز انسداد تجاوزات عملے نے جامع کلاتھ میں نصف صدی فریم مارکیٹ میں کارروائی کرکے 250 دکانیں مسمار کردیں ۔معلوم ہوا ہے کہ پیر اور منگل کی درمیانی شب ہی جامع کلاتھ مارکیٹ میں ہیوی مشینری پہنچا دی گئی تھی۔صبح کے وقت میں رینجرز،پولیس،ڈی ایم سی ساؤتھ، سندھ سولڈ ویسٹ اور کے الیکٹرک سمیت دیگر ادارے بھی جامع کلاتھ مارکیٹ پہنچ گئے۔فریم مارکیٹ اور دوپٹہ گلی کے دکانداروں نے انسداد تجاوزات عملے سے ملاقات کی اور کہا کہ ہمیں کچھ وقت دیا جائے سامان دکانوں میں ابھی بھی موجود ہے تاہم انکروچمنٹ عملے نے دکانداروں کی بات سنے بغیر ہی کارروائی شروع کردی۔ کارروائی کے دوران کچھ دکانداروں نے کے ایم سی عملے کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ انسداد تجاوزات عملے نے ڈوپٹہ گلی اور فریم مارکیٹ میں کارروائیاں کرکے 250دکانیں مسمار کردی ۔معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ مارکیٹ میں130سے زائد دکانیں خود محکمہ اسٹیٹ نے تعمیر کروارکھی تھیں، جن سے وہ ماہانہ ہزاروں روپے بٹورتے تھے۔ نصف صدی پرانی فریم مارکیٹ پہچان تھی، ملک بھر سے لوگ فریم لینے یہاں آتے تھے۔ علاوہ ازیں دوسری کارروائی ڈسٹرکٹ سینٹرل سپر مارکیٹ کے اطراف کی گئی ،سپر مارکیٹ کے اطراف قائم 20دکانیں جو حدود سے باہر تھیں ان کو مسمار کردیا گیا جبکہ فٹ پاتھ پر بنی پنکچر اور دیگر دکانوں کو بھی مسمار کیا گیا۔آپریشن کے نگراں میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سیدسیف الرحمن نے منگل کو ہونے والی انسداد تجاوزات کا رروائی کے حوالے سے بتایا کہ جامع کلاتھ کی فریم مارکیٹ اور ڈوپٹہ گلی کی مجموعی طور پر 130 دکانیں بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ اسٹیٹ کے پاس رجسٹرڈ ہیں جبکہ مذکورہ دکانداروں نے دکان کو مختلف حصوں میں تقسیم کرکے ایک دکان کے دو حصے بھی بنا دیئے گئے تھے۔ دونوں گلیوں میں تقریباً ڈھائی سو غیر قانونی دکانوں کوبلدیہ عظمیٰ کراچی نے بھاری مشینری کے ساتھ منہدم کردیا ہے۔ دریں اثنا سرجانی ٹاؤن میں کے ڈی اے نے تجاوزات کے خلاف آپریشن شروع کیا تو متعلقہ پولیس موقع پر نہ پہنچ سکی جس کی وجہ سے آپریشن روک دیا گیا۔پولیس نے مؤقف اختیار کیا کہ ربیع اول کے جلوس میں سیکورٹی تعینات ہے جس کے باعث آپریشن میں حصہ نہیں لے سکتے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More