متحدہ یوسی چیئر مین نے بزرگ کا گھر ہتھیا لیا

0

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کورنگی میں متحدہ کے یوسی چیئرمین نے 70سالہ غریب بزرگ شہری سے گھر ہتھیا لیا،جعلی اونر شپ سرٹیفکیٹ بنواکر محمد سلیمان کے گھر پر قبضہ کروادیا۔70سالہ محمد سلیمان یوسی چیئرمین کی منت سماجت کرتا رہا ۔کورنگی گلشن ضیا کالونی میں 40سال سے رہائش پذیر محمد سلیمان کو یوسی 33کے چیئرمین اسحاق میو نے بے گھر کردیا ہے،جعلی اونر شپ سرٹیفکیٹ بنواکر گھر نورجہاں نامی خاتون کے نام کردیا۔’’امت ‘‘کو متاثرہ بزرگ شہری محمد سلیمان نے بتایا کہ میں گلشن ضیاکالونی میں گزشتہ 40سالوں سے رہائش پذیر ہوں،میرا مکان نمبر 441ہے ،جو 60گزپر مشتمل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مکان کے ساتھ ایک دکان بھی ہے ،جس میں اقساط کی صورت میں سامان فروخت کرتا ہوں۔ انہوں نے بتایا کہ 3ماہ پہلے نورجہاں نامی خاتون میرے گھر آئی اور انہوں نے کہا کہ یہ مکان میری ملکیت ہے ،لہذا یہ مکان خالی کردیا جائے ،جس پر میں نے کہا کہ یہ مکان میرا ہے اور آپ کون ہیں۔ خاتون نورجہاں نے مجھے ایک اونر شپ پیپر دکھایا ،جس میں لکھا تھا کہ یہ ملکیت نورجہاں نامی خاتون کی ہے۔محمد سلیمان نے بتایا کہ مذکورہ معاملے پر میں نے یوسی چیئرمین سے رجوع کیا تو انہوں نے اس معاملے سے لاتعلقی کا اظہار کیا ،جبکہ سرٹیفکیٹ میں یوسی چیئرمین کے دستخط موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ 9نومبر کو کورنگی تھانے کی پولیس نے میرے گھر کا رخ کیا ،ان کے ہمراہ نورجہاں بھی تھی۔انہوں نے میرے گھر پر قبضہ کرلیا ہے اور اب میں اپنے تینوں بچوں کے ہمراہ رشتہ دار کے گھرپر ہوں۔ انہوں نے بتایا کہ مذکورہ معاملے پر میں نے وزیر بلدیات سمیت دیگر محکموں میں اعلیٰ حکام کو درخواست لکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے اس سلسلے میں یوسی چیئرمین اسحاق مئیو سے رابطہ کیا تو انہوں نے قبضہ مافیا سے تعلق رکھنے والے افراد کی سرپرستی کی۔’’امت ‘‘کو یوسی 33کے چیئرمین اسحاق میو نے بتایا کہ گیس اور بجلی کا بل نام کروانے کے لیئے میں نے اونر شپ سرٹیفکیٹ پر دستخط کیےتھے ،تاہم مکان پر قبضہ ہوگیا ،اس بات کا علم نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے محمد سلیمان کے شناختی کارڈ اور دیگر دستاویزات دیکھ کر سرٹیکفیٹ پر دستخط کیے تھے ،تاہم اس دوران محمد سلیمان موجود نہیں تھے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ معاملہ ان کا خاندانی مسئلہ ہے ،میرا اس سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More