الآصف سے گوہر پلازہ تک تجاوزات کا صفایا – بلوچ ہوٹل پر آپریشن

0

کراچی (اسٹاف رپورٹر) شہر بھر میں جاری تجاوزات کے خلاف کارروائی کے 36ویں دن سہراب گوٹھ (الآصف اسکوائر) تا گوہر پلازہ تک کاروائی کی گئی ،جس میں بھاری مشینری کے ذریعے فٹ پاتھوں پر قائم غیرقانونی تعمیرات،ٹھیے، چبوترے اور دیگر تجاوزات کوگرا دیا گیا ،جبکہ لیاقت آباد ڈاکخانہ (بلوچ ہوٹل) کے مقام پر سرکلر ریلوے کی جگہ پر کارروائی کرتے ہوئے تجاوزات کا خاتمہ کیا گیا۔ دوسری جانب ضلع غربی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں نالے پر قائم تمام دکانوں کو بھی مسمار کر دیا گیا۔ سہراب گوٹھ کے علاقے الآصف اسکوائر میں قائم سیکڑوں کی تعداد میں غیرقانونی تعمیرات جو کہ فٹ پاتھوں پر قائم تھیں، جن میں ہوٹل، بسوں کے چھوٹے کچے اڈے، چبوترے اور دیگر تجاوزات شامل تھیں محکمہ انسداد تجاوزات نے بھاری مشینری استعمال کرتے ہوئے مسمار کردیا۔اس موقع پر عوام کی جانب سے کوئی مزاحمت نہیں ہوئی اور تجاوزات کے خلاف یہ کارروائی شام گئے تک جاری رہی ،جبکہ اس کارروائی کو اسی مقام پر آج منگل کو بھی جاری رکھا جائے گا۔ پیرکے روز ہونے والی کارروائی میں تجاوزات کو ایک حصے سے ہٹایاگیا ، جبکہ سڑک کے دوسری جانب کے حصے پر ابھی تجاوزات موجود ہیں ،جنہیں آج منگل کو ہٹایا جائے گا۔ ادھر لیاقت آباد ڈاکخانہ (بلوچ ہوٹل) کےمقام پرسرکلرریلوے کی جگہ سے کئی تجاوزات کو ہٹا دیا گیا اس کارروائی میں علاقہ اسسٹنٹ کمشنر اور پولیس بھی ساتھ تھی، جس کی مدد سے کارروائی کومکمل کرایا گیا اور یہاں موجود مختلف اقسام کی تجاوزات کوصاف کردیا گیا۔ تجاوزات کےخلاف اس مہم کےنگراں میٹروپولیٹن کمشنرڈاکٹرسیدسیف الرحمن نے کہا ہے کہ سہراب گوٹھ الآصف اسکوائر کے مقام پر بہت پرامن طریقے سے تجاوزات کو ہٹایا گیا ہے ،جس میں بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ انسداد تجاوزات کی ٹیم نے ضلعی انتظامیہ، پولیس اور دیگر اداروں کے ہمراہ مل کر انتہائی منظم طریقے سے کام کیا اور بغیر کسی پریشانی کے کارروائی کو مکمل کیا۔ تجاوزات کے خلاف سب اداروں نے ساتھ دیا۔ انہوں نے کہا کہ سہراب گوٹھ کی فٹ پاتھوں پر سے تجاوزات ہٹائے جانے کے بعد فٹ پاتھ راہگیروں کے لئے چوڑی اور کشادہ ہوگئی ہیں۔ شہر کے مختلف مقامات پر جاری تجاوزات کے خلاف کارروائی کو بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ انسداد تجاوزات کے سینئر ڈائریکٹر بشیر صدیقی اپنی سربراہی میں مکمل کرارہے ہیں ، سہراب گوٹھ پر ہونے والی کارروائی میں ڈپٹی ڈائریکٹرزریحان صدیقی، محمود صدیقی اور معین الدین ، لیاقت آباد میں ڈپٹی ڈائریکٹر مسرور اقبال جبکہ بلدیہ ٹاؤن میں ایڈیشنل ڈائریکٹر معین غوری نے اپنی نگرانی میں کارروائی مکمل کرائی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More