شادیوں کی آڑ میں لڑکیاں اسمگل کرنیوالی ملزمہ گرفتار
کراچی (اسٹاف رپورٹر) شادیوں کی آڑ میں لڑکیاں اسمگل کرنے والی مبینہ ملزمہ قدسیہ کو گرفتار کرلیاگیا ۔تفصیلات کے مطابق ڈیفنس فیز 6کی رہائشی ثمرہ نےمقدمہ درج کرا تے ہوئے بتایا کہ4 نومبر کو میری شادی سید محمد اختر سے ہوئی۔یہ رشتہ میری بہن نے انٹرنیٹ کی سائٹ سے تلاش کیا تھا۔ لڑکے والوں نے بتایا کہ اورنگی میں ان کا نجی اسکول ہے ،جبکہ کچھ افراد بیرون ملک بھی ہیں اور لڑکی کو بھی باہرجانا ہوگا ۔رشتہ طے ہوگیا جس کے بعد لڑکے والے نکاح کرنے آئے تو نکاح خواں بھی ساتھ لائے اور نکاح کے بعد کاپی بھی نہیں دی۔ مجھے 20لاکھ کے زیور ات اور جہیز کے ساتھ رخصت کیا گیا ۔شادی کے تیسرے دن شوہر کی غیر موجودگی میں ان کا بھائی فرخ میرے کمرے میں آگیا اور زبر دستی کرنے لگا مزاحمت کرنے پر وہ چلا گیا ۔ میں نے شوہر سے شکایت کی تو اس نے کوئی نوٹس نہ لیا بلکہ میرا موبائل لینے کے بعد مجھ پر تشدد بھی کیا ۔ جب میرے گھر والے ملنے آئے تو ان پر بھی تشدد کیا گیا میں 13نومبر کو میکے آگئی ۔16نومبر کو میرا شوہردیگر سسرالیوں ،قدسیہ ،زینب،فرخ،فہیم ،،فہد ، مسلح گارڈ کے ہمراہ ہمارے گھر آیا اور زبر دستی لے جانے کی کوشش کی ۔ چند روز بعد معلوم ہوا کہ یہ ایک گروہ ہے جو لڑکیوں سے شادی کے بعد انہیں بیرون ملک لے جا کر فروخت کردیتا ہے ۔لہذا ملزمان کو گرفتار کر کے میرےزیورات اور جہیز برآمد کیا جائے مجھے اور میری فیملی کو تحفظ فراہم کیا جائے۔درخشاں پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ۔