کراچی(ایجنسیاں)شہر قائد میں سال کا کم ترین درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات کے مطا بق کراچی میں اتوارکو کم از کم درجہ حرارت 12 ڈگری تھا جو گذشتہ روز مزید کم ہوکر10رہ گیا ۔ جبکہ بلوچستان کے شمالی علاقوں میں موسم شدید سردو خشک ہے، کوئٹہ او رقلات میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سےبھی 6 درجے گر گیا کوئٹہ اور نواحی علاقوں میں سردی کی لہر برقرار ہے، صبح کے وقت سے کم درجہ حرارت منفی 6ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ سڑکوں کے اطراف موجود پانی برف بن گیا۔، قلات میں منفی6 اور دالبندین میں منفی2،ڑوب میں صفر، پنجگور میں3،نوکنڈی میں 5،خضدارمیں6،سبی میں7،لسبیلہ میں 8 اور گوادر میں درجہ حرارت 14 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ادھر لاہور میں درجہ حرارت 7، اسلام آباد میں 2، پشاور میں3، فیصل ا ٓباد میں 4، ملتان اور لودھراں میں 6 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔محکمہ موسمیات کے مطابق وسطی اور جنوبی پنجاب میں دھند کا امکان ہے۔ جبکہ کراچی سمیت سندھ کے دیگر شہر بھی شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں۔ حیدرآباد میں درجہ حرارت 14 موہنجودڑو میں 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔