دہشت گردوں کی فائرنگ سے علی رضا عابدی ہلاک

0

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈیفنس میں موٹر سائیکل سوار دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایم کیو ایم کے سابق رہنما و رکن قومی اسمبلی علی رضا عابدی جاں بحق ہوگئے۔دہشت گردوں نے علی رضا عابدی کو گھر کے باہر نشانہ بنایا۔ والد انہیں زخمی حالت میں اسپتال لیکر پہنچے لیکن وہ جانبر نہ ہوسکے۔اطلاعات کے مطابق فائرنگ کے واقعے سے ایک اور شخص بھی زخمی ہوا ہے۔پولیس نے جائے وقوعہ سے گولیوں کے خول اور دیگر شواہد تحویل میں لے لیے ہیں ۔پولیس کا کہناہے کہ واقعہ ٹارگٹ کلنگ کا شاخسانہ لگتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق منگل کی شب ڈیفنس خیابان غازی فیز 5 اسٹریٹ نمبر BII میں واقع بنگلے کے باہر موٹر سائیکل سواردہشت گردوں نے ایم کیو ایم کے سابق رہنما و رکن قومی اسمبلی علی رضا عابدی کو فائرنگ کرکے شدید زخمی کردیا اور آسانی سے فرار ہوگئے۔علی رضا کو اس وقت نشانہ بنایاگیا جب وہ کار سے اتر کر گھر کے اندر جارہے تھے کہ دہشت گردوں نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔ علی رضا عابدی کو ان کے والد ہی طبی امداد کے لئے تشویشناک حالت میں پی این ایس شفا اسپتال لے کر پہنچے ،جہاں دوران علاج وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ علی رضا عابدی کو سر اور گردن میں 2،2 گولیاں لگی تھیں۔زخمی کو اسپتال منتقل کرنے والی کار کو رات گئے پولیس نے اپنی تحویل میں نہیں لیا تھا۔فائرنگ کے واقعے میں سابق رکن قومی اسمبلی کے جاں بحق ہونے کی اطلاع پر پولیس تھانہ گذری و رینجرز کی نفری جائے وقوعہ پہنچ گئی ۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ۔ ڈی آئی جی ساؤتھ جاوید عالم اوڈھو کا کہنا ہے کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دہشت گردوں کی تعداد 2 تھی جو موٹر سائیکل پر سوار تھے۔ اس ضمن پولیس مزید معلومات جمع کر رہی ہے ۔دہشت گردوں نے لگ بھگ 6 فائر کیے۔پولیس کو جائے وقوعہ سے30بورپستول کے3 خول ہی مل سکے ہیں دیگر خولوں کی بھی تلاش جاری ہے۔ ڈی آئی جی جاوید عالم اوڈھو کا کہنا ہے کہ علی رضا عابدی کو ان کے والد ہی کار میں اسپتال لے کر گئے تھے۔رات گئے لاش پوسٹ مارٹم کے لیے جناح اسپتال منتقل کر دی گئی ہے۔شبہ ہے کہ دہشت گردوں نے ایک سے زیادہ ہتھیار استعمال کئے ۔مقتول کے بنگلے کے اطراف میں کچھ بنگلوں میں بھی کیمرے نصب ہیں اور ان کی فوٹیج سے مدد بھی لی جارہی ہے ۔جلد ہی کیس کی صورتحال واضح ہوجائے گی۔ ایس ایس پی طارق دھاریجو کا کہنا ہے کہ حملے کے وقت علی رضا عابدی تنہا تھے ۔ پولیس کو جائے وقوعہ سے کچھ اہم چیزیں ملی ہیں ،جنہیں ابھی میڈیا کے سامنے شئیر نہیں کیا جاسکتا ۔ جائے وقوعہ سے ملنے والے گولیوں کے خولوں کی فارنسک جانچ بھی کرائی جارہی ہے ،جس سے صورتحال مزید واضح ہوگی ۔2روز قبل ہی ناظم آباد کے علاقےمیں پاک سرزمین پارٹی کے ٹاؤن آفس پر نا معلوم افراد کی فائرنگ سے2 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہو گئے تھے۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ علی رضا عابدی نے عام انتخابات میں بھی متحدہ کے ٹکٹ پر تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے مقابلےپر الیکشن لڑا تھا ،تاہم انہیں شکست ہو گئی تھی ۔علی رضا عابدی نے ضمنی الیکشن لڑنے کیلئے ٹکٹ نہ ملنے پر متحدہ چھوڑ دی تھی ۔
٭٭٭٭٭

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More