پاکستان اسٹیل – مشیر تجارت کا حبکو گروپ کو نوازنے کا منصوبہ کھٹائی میں پڑگیا

0

کراچی (رپورٹ ایس ایم انوار) پاکستان اسٹیل مل کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا آج اسلام آباد میں ہونے والا اہم اجلاس ایک بار پھر ملتوی کردیا گیا۔ اس سے قبل بھی اس اجلاس کے لئے 17دسمبر، 27دسمبر اور 2جنوری کی تاریخیں رکھی جاچکی ہیں۔ ’’امت ‘‘کو اس حوالے سے اہم ذریعے نے بتایا کہ مشیر تجارت عبدالرزق داؤو کی ہدایت پر وزارت صنعت وپیداوار نے پاکستان اسٹیل مل کی بحالی کا ٹا سک خلاف ضابط حب پاور کمپنی (حبکو) اور نجی اسٹیل کمپنیوں کو دے دیا ہے اور فیصلے کی توشیق،منظوری کیلئے اسٹیل مل کے بورڈ کو تحریری ہدایت جاری کرکے دباؤ میں لینے کی کوشش کی گئی ہے جوکہ کارپوریٹ گورننس رولز کے منافی اور بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اختیارات میں کھلی مداخلت ہے ،جبکہ وزارت پیداوار نے حبکو اور نجی اسٹیل کمپنیوں کی خدمات حاصل کرنے کے لئے PPRA رولز پر عملدر آمد نہیں کیا ہے۔ باخبر ذریعے کے مطابق موجودہ بورڈ نے اس سلسلے میں کسی بھی دباؤ کو قبول کرنے سے صاف منع کردیا ہے۔ واضح رہے کہ وزارت پیداوار کے ڈپٹی سیکریٹری محمد عامر اکرام نے حبکو کے توسط سے پاکستان اسٹیل مل کی بحالی کا منصوبہ کے عنوان سے ایک مکتوب نمبر 1 (1) 2016-LED-1 ، NO پاکستان اسٹیل مل کے کارپوریٹ سیکریٹری کو ارجنٹ لکھتے ہوئے یہ ہدایت جاری کی ہیں کہ اسٹیل مل کی بحالی کے منصوبے کے اس سلسلے میں پاکستان اسٹیل کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس فوری بلایا جائے ،تاکہ منصوبے کے فیصلے پر بورڈ کی تائیدو توثیق حاصل ہوسکے۔ وزارت کے جاری کردہ خط میں اسٹیل مل کا اہم ڈیٹا اور رپورٹس حبکو گروپ کے حوالے کرنے کی بھی ہدایت دی گئی ہیں۔ یادرہے کہ پاکستان اسٹیل مل کی بحالی کے حکومتی اعلان کے بعد وزارت پیداوار کے ایڈیشنل سیکریٹری مطاہر نیاز رانا نے تمام قاعدے قوانین کے بر خلاف اسٹیل مل کے افسران کی حب پاور کمپنی(حبکو) کے سربراہ اور نجی اسٹیل کمپنیوں کے حکام سے پرائیویٹ مقام پر اس سلسلے کی میٹنگیں کراکر معلومات کا تبادلہ کروایا ہے۔ بلکہ ان لوگوں کو اسٹیل مل اور اس کی جیٹی(برتھ) کا بھی دورہ کرواچکے ہیں۔ ذریعے کے مطابق حبکو پاور کمپنی کول فائر پلانٹ لگانے جارہا ہے۔ اس کی تمام تر دلچسپی جیٹی میں ہے۔ جبکہ نجی اسٹیل کمپنیوں کی دلچسپی پاکستان اسٹیل کی قیمتی صنعتی اراضی میں بتائی جارہی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More