کمیاب نسل کی مچھلی 31لاکھ ڈالر میں نیلام

0

احمد نجیب زادے
جاپان کے شہر ٹوکیو کی فش مارکیٹ میں غیر معمولی وزن کی حامل کمیاب مچھلی ’’بلیو فن ٹونا‘‘ 31 لاکھ ڈالر میں نیلام ہوئی، جو عالمی ریکارڈ بتایا جاتا ہے۔ 278 کلو گرام وزن کی حامل نیلے پروں (فنز) والی اس ٹونا فش کی بولی ایک لاکھ ڈالر سے شروع ہوئی تھی، جسے غیر معمولی قیمت ادا کرکے مقامی تاجر کیوشی کیمورا نے اپنے نام کرلیا۔ ’’سوشی ٹائیکون‘‘ کہلائے جانے والے کیوشی کیمورا 2013ء میں بھی ایک ٹونا مچھلی ڈیڑھ لاکھ ڈالر میں خرید چکے ہیں۔ جاپان ٹائمز نے بتایا ہے کہ عالمی شہرت یافتہ سوشی ریستورانز کی چین کے مالک کیوشی کیمورا نے جب اس ٹونا فش کی بولی 31 لاکھ ڈالر لگائی تو سبھی کے ہوش اُڑ گئے اور پھر کسی تاجر کی ہمت نہیں ہوئی کہ کیوشی کیمورا کا مقابلہ کرے۔ یوں اس بلیو فن ٹونا فش کو پکڑنے والے مچھیروں کی خوشی کا کوئی ٹھکانہ نہ رہا۔ کیونکہ ان کی ایک دن کی محنت ان کیلئے کئی سال کی کمائی دے گئی۔ واضح رہے کہ جاپان کے سوشی ریستورانز میں ٹونا مچھلی کی انتہائی مہنگی ڈشز فروخت کی جاتی ہیں۔ عام طور پر ایک ٹونا مچھلی چالیس ڈالر فی پلیٹ فروخت کی جاتی ہے۔ لیکن مچھلی کی تازگی اور وزن کے حساب سے یہ پلیٹ 500 ڈالر مالیت کی بھی ہو سکتی ہے۔ جاپانی حکام کا کہنا ہے کہ ٹونا فش کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اس کا گوشت 40 سے 500 ڈالر فی پلیٹ تک فروخت کیا جاتا ہے۔ کئی مارکیٹوں میں ٹونا فش کا گوشت 1000 ڈالر فی کلو گرام بھی بیچا جاتا ہے اور شائقین اس کی منہ مانگی قیمت ادا کرتے ہیں۔ ٹوکیو فش مارکیٹ میں دنیا کی سب سے مہنگی ترین مچھلی کی فروخت کے حوالے سے برطانوی تجزیہ نگار اینڈریو ڈیوڈ تھالر کا کہنا ہے کہ یہ ایک قسم کی تجارتی جنگ ہے، جس میں تمام سوشی ریستورانز کے مالکان شریک ہوتے ہیں۔ ان کا خیال ہے کہ جتنی زیادہ بولی دے کر وہ ایک مچھلی خرید رہے ہوتے ہیں، ان کا یہ عمل ان کیلئے میڈیا میں اتنا کامیاب ہوتا ہے کہ شوقین افراد اس گوشت کی منہ مانگی قیمت ادا کرتے ہیں۔ جاپانی میڈیا نے بتایا ہے کہ اس ٹونا مچھلی کا وزن اگرچہ 278 کلو گرام ہے۔ لیکن اس کی صفائی کے بعد اس سے 260 کلو گرام خالص گوشت نکلے گا اور اس کے نیلے پروں اور سر سمیت آنکھوں کا بھی شاندار اور لذیذ سوپ تیار کیا جائے گا، جس کا ایک پیالہ خریدنے کیلئے دنیا بھر سے متمول اور شوقین افراد جاپان پہنچیں گے۔ اکیتس لاکھ ڈالر میں بلیو فن ٹونا کی خریداری سے پوری دنیا کے میڈیا میں دھوم مچانے والا تاجر اس ٹونا مچھلی کے سوپ کی فروخت سے پانچ لاکھ ڈالر تک کمائے گا۔ جبکہ سوشی کی 520 ڈشوں سے چھبیس لاکھ ڈالر کمائے گا۔ دوسری جانب مفت میں شہرت بھی سمیٹ رہا ہے جس سے اس کا بزنس دوگنا ہوجانے کا اندازہ یقینی طور پر کیا جارہا ہے۔ بیچی جانے والے ٹونا فش پکڑنے والے ماہی گیروں کا کہنا ہے کہ یہ ان کیلئے بڑے اعزاز کی بات ہے کہ انہوں نے ہون شو کے سمندر میں اس شاندار مچھلی کو اپنے جال میں گرفتار کیا۔ جاپانی مچھیرے کازی مو،کا کہنا ہے کہ اس بڑی مچھلی کی فروخت ایک عالمی ریکارڈ ہے اور ہمارے لئے بھی اس مچھلی کو پکڑنا معاشی اعتبار سے بہت اہم ہے کیونکہ ہم اس قیمت میں ایک اچھا سا مچھلیاں پکڑنے والا ٹرالر خرید سکتے ہیں۔ یہ مچھلی ہمارے لئے ایک انعام ہے جو قدرت نے ہمیں چھپر پھاڑ کر عطا کیا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More