دلداری جیت گئی-تاجداری ہار گئی

0

ایس اے اعظمی
ملائیشین بادشاہ سلطان محمد پنجم نے عشق کی خاطر تخت و تاج کو ٹھوکر مار دی۔ انہوں نے 16 نومبر کوروکسانہ ویوے دینا، نامی روسی ماڈل (مس ماسکو 2015ء) سے شادی کی تھی۔ مقامی میڈیا کے مطابق بیاہ سے چند ہفتے پہلے روکسانہ نے اسلام قبول کرلیا تھا۔ تاہم یہ ازدواجی بندھن، شاہی خاندان میں دراڑ کا سبب بن گیا۔ برطانوی میڈیا کے مطابق پچاس سالہ سلطان محمد پنجم دوسری شادی کے اس لئے بھی متمنی تھے کہ پہلی بیوی سے ان کی کوئی اولاد نہ ہو سکی تھی۔ اتفاق یہ کہ ان کی نگہ انتخاب پچیس سالہ روسی حسینہ پر پڑی۔ نو بیاہتا دلہن کو ملائیشین شاہی خانوادے کیلئے قابل قبول بنانے کی غرض سے انہوں نے اسے حجاب بھی پہنوایا۔ لیکن روکسانہ اپنی سسرال والوں کے دل نہ جیت سکی۔ دوسری جانب بادشاہ بنانے کا اختیار رکھنے والی رائل کونسل کے سینئر اراکین اور سلطان محمد پنجم میں بھی اس نئے رشتے کے باعث شدید اختلاف پیدا ہوگیا۔ تاہم بادشاہ نے رائل کونسل کا یہ حکم ماننے سے انکار کردیا کہ وہ روکسانہ کو چھوڑ دیں اور بادشاہت سے دستبرداری کا اعلان کر دیا۔ ادھر ملائیشین حکومت نے اس ضمن میں کسی قسم کی وضاحت کرنے کے بجائے معاملات سے لا علمی کا اظہار کیا ہے۔ جبکہ روسی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ سلطان محمد پنجم نے بیوی کی خاطر ہی بادشاہت سے کنارہ کشی اختیار کی ہے۔ واضح رہے کہ سلطان محمد پنجم کا اصلی نام ’’تینکو محمد فارس پترا بن تینکو اسماعیل پترا ہے۔ انہوں نے اپنی پہلی بیوی، جن کا تعلق شاہی خانوادے سے تھا، کو طلاق دے کر روسی ماڈل سے بیاہ رچایا تھا۔ سلطان محمد پنجم اٹھارہ ماہ قبل یورپ میں منعقد گھڑیوں کی عالمی نمائش میں شریک روکسانہ کی زلف گرہ گیر کے اسیر ہوئے تھے۔ روسی میڈیا کے مطابق پچاس سالہ سلطان نے دراصل اولاد کی خاطر دوسری شادی کی، لیکن انتخاب غلط کیا۔ انہیں شاہی خانوادے یا ملائیشین طبقہ امرا ہی میں سے نئی دلہن کا انتخاب کرنا چاہیے تھا۔ روسی میڈیا کے مطابق سلطان محمد پنجم کی جگہ دوسرے بادشاہ کا انتخاب چار ہفتوں کے اندر اندر کرلیا جائے گا۔ اس حوالے سے ملائشین رائل کونسل خفیہ بیلٹ کے ذریعے رائے شماری کر رہی ہے۔ ملائیشین تجزیہ نگار عالیجاہ آدو نے لکھا ہے کہ شاہی خانوادے کا موقف ہے کہ سلطان محمد پنجم نے روسی ماڈل سے شادی کرکے سنگین غلطی کی اور شہنشاہیت کا وقار خاک میں ملا دیا۔ ملائیشین جرید ے ڈیلی اسٹار کے مطابق سلطان محمد پنجم نے روسی حسینہ کے ساتھ شادی رچانے کیلئے کسی رشتے دار کو مطلع کرنے کی ضرورت بھی محسوس نہیں کی۔ انہوں نے غلط بیانی سے کام لیتے ہوئے شاہی کونسل سے 60 دن کی میڈیکل چھٹیاں لی تھیں۔ لیکن 16 نومبر کو وہ ماسکو کے شاندار ہوٹل میں روسی حسینہ سے شادی کرتے ہوئے منظرعام پر آئے۔ روسی جریدے پراودا نے لکھا ہے کہ مس ماسکو 2015ء کے ماڈرن بیک گرائونڈ کے سبب شادی کی خبر ملتے ہی ملائیشین شاہی خانوادے میں تشویش کی لہر دوڑ گئی تھی اور سخت اعتراضات کے بعد سلطان محمد پنجم سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ نئی بیوی سے چھٹکارا حاصل کرلیں۔ تاہم سلطان محمد پنجم نے اس کے برعکس تخت و تاج چھوڑنے کا اعلان کردیا۔ ملائیشین میڈیا نے اس بات کی تصدیق نہیں کی ہے کہ آیا انہوں نے صرف بادشاہت چھوڑی ہے یا روسی ماڈل بیوی کو بھی چھوڑ دیا ہے۔ جبکہ سلطان محمد پنجم کے استعفیٰ پر شاہی خانوادے نے بھی خاموشی اختیار کی ہوئی ہے۔ البتہ انہوں نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ اگلے چار ہفتوں میں کسی بھی وقت نئے بادشاہ کا انتخاب کرلیا جائے گا۔ ادھر ملائیشیا کے نائب بادشاہ سلطان نذرین شاہ آف پیراک نے اعلان کیا ہے کہ وہ نئے بادشاہ کے انتخاب میں بطور امیدوار شامل نہیں ہوں گے۔ البتہ وہ اس وقت تک نگراں بادشاہ کے فرائض انجام دیتے رہیں گے، جب تک نیا بادشاہ چن نہیں لیا جاتا۔ ملائیشین میڈیا کے مطابق نئے بادشاہ کے طور پر سلطان احمد شاہ آف پاہانگ کا نام لیا جارہا ہے۔ جبکہ نمایاں امیدواروں میں سلطان ابراہیم اسماعیل آف جوہر بھی شامل ہیں۔
٭٭٭٭٭

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More