پاکستانی اسکواڈ جوہانسبرگ پہنچ گیا
جوہانسبرگ(امت نیوز) جنوبی افریقہ کے خلاف تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے لیے قومی ٹیم آج کیپ ٹاون سے جوہانسبرگ پہنچ گئی۔جنوبی افریقا اور پاکستان کے درمیان جاری ٹیسٹ سیریز کا تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ جوہانسبرگ کے وانڈرز اسٹیڈیم میں 11 جنوری سے کھیلا جائے گا۔ تین میچز کی سیریز میں میزبان ٹیم نے دو صفر کی سبقت حاصل کررکھی ہے، جوہانسبرگ ٹیسٹ کے لیے پلینگ الیون میں فہیم اشرف، محمد رضوان اور شاداب خان کو شامل کیے جانے کا امکان ہے۔کپتان سرفراز احمد اور چیف کوچ مکی آرتھر نے ٹیم کی ناقص کارکردگی کی ایک وجہ بولرز کو بھی قرار دیاہے جو حریف بلے بازوں کو جلد آوٹ نہیں کرپائے۔سیریز ہاتھ سے گنوانے کے بعد کپتان سرفراز احمد پر قیادت چھوڑنے کے لیے دباو بڑھنے لگا ہے۔ دوسری جانب جنوبی افریقہ کے کپتان ڈوپلیسی نے قومی ٹیم انتظامیہ کی جانب سے وکٹوں پر تنقید کو مسترد کردیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ خراب پرفارمنس پر پچز کو غیر معیاری نہیں کہنا چاہیے۔
٭٭٭٭٭