فرشتوں کی عجیب دنیا

0

مشرق و مغرب کے آٹھ فرشتے:
حضرت مجاہدؒ فرماتے ہیں: خدا تعالیٰ کے آٹھ فرشتے ایسے ہیں، جن میں چار مشرق میں اور چار مغرب میں ہیں، جب مشرق والوں کی شام آتی ہے تو وہ یہ کہتے ہیں: اے نیکی سے دور بھاگنے والے نیکی کی طرف متوجہ ہو اور جو مغرب میں ہوتے ہیں، وہ کہتے ہیں: اے گناہ میں رغبت کرنے والے، رک جا۔ جب تہائی رات گزر جاتی ہے تو مشرق والا فرشتہ کہتا ہے: خدایا! ہر ایک (انسان) کو ایسا نصیب عطاء فرمانا جو اس کے مرنے کے بعد بھی اس کو فائدہ پہنچائے۔ مثلاً صدقہ وغیرہ سے باقی رہے اور جو مغرب میں ہوتا ہے وہ کہتا ہے: ہر ایک کو ایسا مال دے جو اس کے پاس ہی رہے، مگر بے کار اور جب رات کی دوتہائی گزر جاتی ہے تو تیسرا فرشتہ جو مشرق میں ہوتا ہے کہتا ہے: سبحان الملک القدوس اور جو مغرب میں ہوتا ہے وہ بھی کہتا ہے: سبحان الملک القدوس اور چوتھے نے صور اپنے منہ میں رکھا ہوا ہے اور اس انتظار میں ہے کہ اسے صور پھونکنے کا حکم کب ملتا ہے اور باقی ( فرشتے) اس کے بالمقابل ہیں۔ (ابو الشیخ)
حضورؐ سے سوال کرنے والافرشتہ:
(حدیث) حضرت عائشہؓ اور حضرت ابن عباسؓ سے مروی ہے کہ حضور نبی کریمؐ نے ارشاد فرمایا: (ترجمہ) میرے پاس ایک فرشتہ آیا جس کا جسم کعبہ شریف کے مساوی تھا۔ اس نے کہا ( اے محمد) آپ پسند کریں کہ نبی ہونے کے ساتھ بادشاہ بنیں گے یا نبی ہونے کے ساتھ خدا کے بندے بنیں گے؟ تو جبرائیلؑ نے مجھے اشارہ کیا کہ آپ خدا کیلئے عاجزی اختیار فرمائیں، تو میں نے کہا: بلکہ میں پسند کرتا ہوں کہ خدا کا بندہ نبی بنوں۔ تو خدا تعالیٰ کو میری یہ بات پسند آئی اور ارشاد فرمایا: آپ سب سے پہلے ہوں گے جن سے زمین شق ہوگی( یعنی روز قیامت قبر شریف سب سے پہلے آپ کی کھلے گی) اور آپ سب سے پہلے شفاعت کرنے والے ہوںگے۔ ( اس شفاعت سے شفاعت کبریٰ مراد ہے، جس سے پہلے کسی نبی اور ولی کو شفاعت کرنے کی ہمت نہ ہوگی، بعید نہیں کہ شفاعت کبریٰ کے بعد دوسری شفاعت میں بھی آپ سب سے پہلے شفاعت کرنے والے ہوں)۔(ابن عساکر، مسند احمد، ابو یعلی، کنز العمال) (جاری ہے)
٭٭٭٭٭

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More