فرشتوں کی عجیب دنیا

0

مجالس ذکر تلاش کرنے والے فرشتے
( حدیث) حضرت ابوہریرہؓ فرماتے ہیں کہ رسول کریمؐ نے ارشاد فرمایا:
(ترجمہ) خدا تعالیٰ کے (بہت سے) فرشتے ایسے ہیں جو زمین پر چلتے پھرتے ہیں۔ یہ لوگوں کے اعمال نامہ لکھنے والے فرشتوں کے علاوہ ہیں۔ یہ راستوں میں گھومتے ہوئے ذکر کرنے والوں کو تلاش کرتے رہتے ہیں، بس جب کسی جماعت کو حق تعالیٰ کا ذکر کرتے ہوئے پاتے ہیں تو ایک دوسرے کو بلاتے ہیں کہ آؤ اپنی ضرورت یہاں موجود ہے تو وہ ذاکرین کو آسمان تک اپنے پروں سے چھپا لیتے ہیں اور ان سے ان کا رب سوال کرتا ہے، جبکہ وہ ان سے زیادہ باخبر ہے کہ میرے بندے کیا کہہ رہے تھے؟ تو وہ بتاتے ہیں کہ آپ کی تسبیح، تکبیر، تعریف اور بزرگی بیان کررہے تھے تو حق تعالیٰ پوچھتے ہیں: کیا انہوں نے مجھے دیکھا ہے؟ تو وہ عرض کرتے ہیں نہیں، خدا کی قسم، انہوں نے آپ کو نہیں دیکھا۔ تو خدا تعالیٰ فرماتے ہیں: اگر وہ مجھے دیکھ لیں تو ان کی کیا حالت ہوگی؟
عرض کرتے ہیں: اگر وہ آپ کو دیکھ لیں تو آپ کی عبادت بھی خوب کریں، بزرگی بھی خوب بیان کریں اور تسبیح بھی خوب کہیں۔ تو حق تعالیٰ پوچھتے ہیں: اچھا یہ بتلاؤ، وہ مجھ سے کیا طلب کرتے تھے؟ تو وہ عرض کرتے ہیں کہ وہ آپ سے جنت طلب کرتے تھے۔ تو حق تعالیٰ پوچھتے ہیں: کیا انہوں نے اس کو دیکھا ہے؟ تو وہ عرض کرتے ہیں نہیں، خدا کی قسم اے پروردگار! انہوں نے اسے نہیں دیکھا۔ تو حق تعالیٰ پوچھتے ہیں: اگر یہ لوگ اس کو دیکھ لیں تو ان کی کیا حالت ہوگی؟ عرض کرتے ہیں: اگر وہ اس کو دیکھ لیں تو اس کی بہت زیادہ حرص بہت زیادہ طلب اور بہت زیادہ رغبت کرنے لگیں۔ حق تعالیٰ ان سے پوچھتے ہیں کہ یہ لوگ کس چیز سے پناہ مانگتے تھے؟ تو وہ عرض کرتے ہیں: دوزخ سے، تو حق تعالیٰ ان سے پوچھتے ہیں: کیا انہوں نے اس کو دیکھا ہے؟ تو وہ عرض کرتے ہیں: نہیں، قسم بخدا! انہوں نے اس کو نہیں دیکھا، تو حق تعالیٰ پوچھتے ہیں: ان کی کیا حالت ہوگی اگر وہ اس کو دیکھ لیں؟ تو وہ عرض کرتے ہیں: اگر وہ اس کو دیکھ لیں تو اس سے خوب بھاگنے والے اور خوب ڈرنے والے ہوں۔ تو حق تعالیٰ فرماتے ہیں: تمہیں گواہ بناتا ہوں کہ میں نے ان سب کو معاف کردیا ہے۔
ان فرشتوں میں سے ایک فرشتہ عرض کرتا ہے: فلاں آدمی ان ذاکرین سے نہیں تھا، اس کو تو اس کی کوئی مجبوری لائی تھی۔ تو حق تعالیٰ ارشاد فرماتے ہیں: یہ ذاکرین ایسی قوم ہیں کہ ان کا ہم نشین محروم نہیں ہوگا۔ (جاری ہے)
٭٭٭٭٭

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More