چینی مالک سے 30 لاکھ لوٹنے والے گارڈز حیدرآباد سے پکڑے گئے

0

کراچی (اسٹاف رپورٹر)ڈیفنس میں بنگلے پر تعینات نجی سیکورٹی کمپنی کے 2گارڈز نے چینی شہری کو زخمی کرکے 30 لاکھ روپے لوٹ لئے، پولیس نےدونوں ملزمان کو چند گھنٹے میں گرفتار کر کے اسلحہ، رقم اور دیگر سامان برآمد کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق درخشاں کے علاقے ڈیفنس فیز 6 خیابان راحت اسٹریٹ 19بنگلہ نمبر 120پر تعینات 2سیکورٹی گارڈز نے جمعرات و جمعہ کی شب بنگلے کے مالک چینی شہری شی سے30لاکھ روپے لوٹنے کے بعد مزاحمت پر چھری مار کر زخمی کردیا اور فرار ہو گئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے زخمی چینی شہری کو نجی اسپتال منتقل کیا ،جہاں طبی امداد کے بعد ان کا بیان لیا گیا، جس میں انہوں نے واقعے کی تفصیل بتائی۔ ایس پی کلفٹن سہائی عزیز نے بتایا کہ ڈی آئی جی کی ہدایت پر خصوصی ٹیم بنائی گئی،جس نے واردات کے چند گھنٹے بعد ہی کراچی سے فرار ہونیوالے عبدالفتاح و عبدالغفار کو جامشورو ٹول پلازہ کے قریب گرفتار کر کےان سے لوٹے گئے30 لاکھ روپے، مدعی کا موبائل فون، چھری اور ایک پستول برآمد کرلیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ملزمان چینی تاجرکے بنگلے پر ڈیوٹی کرتے تھے۔ آئی جی ڈاکٹر کلیم امام نے چینی تاجر کولوٹ کر زخمی کرنیوالے 2ملزمان کی گرفتاری اور اس حوالے سے مشترکہ اقدامات کو سراہتے ہوئے ڈی آئی جی ساؤتھ، ڈی آئی جی حیدرآباد اور انکی ٹیم کو شاباش دی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More