بے رحمانہ آپریشن کے بعد میئر کراچی مساوی سلوک کا مطالبہ کرنے لگے

0

کراچی(اسٹاف رپورٹر )بے رحمانہ آپریشن میں ہزاروں دکانوں کی مسماری کے بعد میئر کراچی وفاقی حکومت سے مساوی سلوک کا مطالبہ کرنے لگے۔جمعہ کی شام اپنے دفتر میں متحدہ کی رابطہ کمیٹی کے اراکین کے ہمراہ پریس کانفرنس میں وسیم اختر نے وزیر اعظم عمران خان سے اپیل کی کہ مارٹن کوارٹرز، کلیٹن جہانگیر روڈ ، گارڈن (ایسٹ، ویسٹ) پاکستان کوارٹرز، ایف سی ایریا اور دیگر علاقوں کے مکینوں کی بے دخلی کا معاملہ انصاف ،قانون و انسانی ہمدردی اور پاکستان کے تمام شہریوں کے ساتھ یکساں اور مساوی سلوک کی بنیاد پر حل کیا جائے۔ جس طرح ماضی میں 575کچی آبادیوں کو مالکانہ حقوق دئیے گئے ۔اسی طرح ان آبادیوں کے مکینوں کو بھی مالکانہ حقوق دئیے جائیں۔ میئر کراچی نے کہا کہ ہماری طرف سے وزیراعظم پاکستان کو یہ تجویز پیش کی گئی ہے کہ گورنر سندھ کی سربراہی میں حکومت ایک کمیٹی قائم کرے ، جس میں تمام سیاسی جماعتوں کے کراچی میں مستقل رہائش پذیر ایسے ارکان کو شامل کیا جائے جو رکن صوبائی اسمبلی، قومی اسمبلی یا سینیٹر نہ ہوں اور اس کمیٹی کی ذمہ داری ہو کہ وہ ریٹائرڈ سرکاری ملازمین اور دیگر متاثر کے کیس سنے اور ان پریشان سرکاری ملازمین اور ان کی بیوائوں اور بچوں کی تکلیف کو مدنظر رکھتے ہوئے مذکورہ بالا حقائق اور تجاویز کی روشنی میں ایک ہی بار اس معاملے میں حتمی فیصلہ کردیا جائے ، تاکہ ان آبادیوں کے مکین اطمینان سے اپنی زندگی گزار سکیں۔انہوں نے کہا کہ ہم اس حوالے سے سپریم کورٹ میں بھی درخواست دائر کرنے کیلئے قانونی امور کا جائزہ لے رہے ہیں ، جبکہ متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی بھی کراچی کے شہریوں کو درپیش اس صورتحال کے پیش نظر وسیع تر عوامی مفاد میں ہمارے ساتھ کھڑی ہے اور ہم نے یہ عزم کیا ہے کہ قیام پاکستان کے بعد سے آباد ان سرکاری کوارٹرز کے مکینوں کوان کا حق دلانے کیلئے ہر سطح پر آواز اٹھائیں گے۔اس موقع پر سید ارشد حسن، خالد سلطان، زاہد منصوری، صبحین غوری اور اسلم شاہ آفریدی بھی موجود تھے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More