ٹرمپ کے دماغ پر پاکستانی تارکین وطن سوار

0

واشنگٹن(امت نیوز)پاکستان تو گویا امریکی صدر کے اعصاب پر سوار ہو چکا ہے۔ گزشتہ روز ڈونلڈٹرمپ ریاست ٹیکساس میں جنوبی بارڈر کا دورہ کر رہے تھے ،جہاں بارڈر سیکورٹی کا ایک افسر انہیں غیرقانونی طور پر سرحد عبور کرنے والے غیرملکیوں کے بارے میں بریفنگ دے رہا تھا۔ اس دوران صدر ٹرمپ نے افسر کی بات کاٹتے ہوئے ایسا سوال داغ دیا، جس نے ان کی پاکستان کے متعلق سوچ عیاں کر دی۔ ٹائمز آف انڈیا کے مطابق افسرنے صدر ٹرمپ کو بتایا کہ گزشتہ ہفتے 41مختلف ممالک سے 133افراد غیرقانونی طور پر بارڈر عبور کرکے امریکہ میں داخل ہوتے ہوئے پکڑے گئے۔ یہاں صدر ٹرمپ نے اسے ٹوک دیا اور بے ساختہ پوچھا کہ ”ان میں پاکستانی کتنے تھے؟“ رپورٹ کے مطابق افسر نے جواب دیا کہ دو پاکستانی پکڑے گئے ہیں۔ افسر نے بریفنگ آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ہفتے جن 41ممالک کے لوگ پکڑے گئے ان میں بھارت اور رومانیہ بھی شامل ہیں۔تاہم ٹرمپ کو تو شاید پاکستانیوں ہی سے دلچسپی تھی۔ انہوں نے یہ نہ پوچھا کہ کتنے بھارتی پکڑے گئے اور کتنے رومانیہ کے شہری۔ دریں اثنا امریکی سینیٹ کے سینئر رکن باب کیزے نے امریکہ اور پاکستان کے تعلقات میں بہتری کی ضرورت پرزور دیا ہے۔پاک امریکہ سیاسی ایکشن کمیٹی کی تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کو اختلافات پر ایمانداری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔اس حوالے سے سینیٹ کمیٹی برائے خارجہ امور سینیٹر جین شاہین کا کہنا تھا کہ یہ انتہائی ضروری ہے کہ ہم اپنے تعلقات کو صحیح سمت میں لے جانے کا راستہ تلاش کریں تاکہ ہم ماضی کی طرح دوبارہ مضبوط اتحادی بن سکیں۔ تقریب میں ڈیموکریٹک پارٹی کے دونوں سینئر اراکین سمیت 20 قانون سازوں نے شرکت کی تھی۔امریکی سینیٹرز نے اعتراف کیا کہ دنیا میں کوئی ایسی جگہ نہیں جہاں دہشت گردی یا دہشت گردوں کے حملوں سے اتنا نقصان ہوا ہو جتنا پاکستان کو ہوا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More