علیمہ کیخلاف جے آئی ٹی کیلئے پی پی – ن لیگ متحد

0

کراچی/ لاہور (امت نیوز/ مانیٹرنگ ڈیسک)پیپلز پارٹی اورمسلم لیگ (ن) نے وزیر اعظم عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کی بیرون ملک جائیداد کی تحقیقات کیلئےجے آئی ٹی بنانے کا مطالبہ کردیا۔سندھ اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر بلدیات سعید غنی نے کہا کہ عمران خان نے قوم کے اعتماد کو ٹھیس پہنچائی، صدقہ اور خیرات کی رقم غریبوں کی امانت تھی، انصاف کا تقاضا ہے کہ علیمہ خان کے خلاف جے آئی ٹی بنائی جائے اور انکا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے۔انہوں نے کہا وفاقی وزرا کے بیانات پر سندھ کے عوام میں اشتعال پیدا ہو رہا ہے،جیسے پی پی قائدین کے نام ای سی ایل میں ڈالے گئے ،ہم بھی وفاقی وزرا کا سندھ میں داخلہ بند کرسکتے ہیں۔ سندھ کے وزیر جیل خانہ جات ناصر حسین شاہ نے کہا کہ آصف زرداری کی بہن کے لئے معیار الگ،وزیر اعظم کی بہن کے لئے الگ ہے۔علیمہ خان کے 18 اکاؤنٹس کا بھی نوٹس لیا جائے۔انہوں نے کہا سپریم کورٹ کے احکام کے باوجود ای سی ایل سےوزیراعلی سندھ مراد علی شاہ اور بلاول زرداری کا نام نہ نکالنا وفاقی حکومت کی ہٹ دھرمی ہے۔دریں اثناترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ چور چور ڈاکو ڈاکو کہنے والوں کی باجی ہی چور نکلیں۔ عمران صاحب علیمہ باجی کی چوری پر جے آئی ٹی کب بنائیں گے۔انہوں نے وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے بیان پر ردِعمل میں کہا کہ علیمہ باجی نے شوکت خانم اور نمل یونیورسٹی کے بورڈ اور پارٹی فنڈ سے بیرونِ ملک اربوں کی جائیداد خریدیں، فواد چوہدری آئیں بائیں شائیں نہ کریں، علیمہ باجی کی چوری کا جواب دیں۔ علاوہ ازیں پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) کی عظمیٰ زاہد بخاری قرارداد جمع کرادی ،جس میں کہا گیا ہے کہ علیمہ خان کی نیوجرسی امریکہ میں خریدی جائیدادوں کا انکشاف ہوا ہے، ٹیکس گوشواروں میں جائیدادوں کو چھپاناجرم ہے اور جائیدادیں علیمہ خان کے ذرائع آمدن سے مطابقت نہیں رکھتیں لہٰذا علیمہ خان سے تحقیقات کیلئےجے آئی ٹی بنائی جائے اور ان کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے۔جبکہ ڈپٹی چئیرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا کا کہنا ہے کہ قانون کے تحت آصف زرداری یا کسی اور کو بھی گرفتارکیاجائے تو حرج نہیں لیکن صرف جے آئی ٹی رپورٹ پرگرفتاری ہوئی تو پورےملک میں ردعمل آ سکتا ہے۔ ادھروفاقی وزیر پٹرولیم چوہدری غلام سرور نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی وزرا کا سندھ میں داخلہ بند کرنا ناممکن ہے، علیمہ خان ہو یا کوئی اور سب کا یکساں احتساب ہوگا۔ وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ مریم اورنگزیب اپنی مرحوم سیاست کو زندہ کرنے کیلئے شوکت خانم اور نمل کو متنازع نہ بنائیں، علیمہ خان کبھی ملک کی وزیراعظم نہیں رہیں، تمام جائیداد انہوں نے خود ڈیکلیئر کی ہیں جب کہ اپوزیشن کی سیاست اب جھوٹی کہانیاں گھڑنے تک ہے۔ تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی خرم شیرزمان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان الزامات کا خود ہی جواب دیں گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More