عالمی جامعات میں پاکستان چیئرز پرتعیناتیوں کیلئے نئی کمیٹی کا فیصلہ

0

اسلام آباد(اویس احمد)وفاقی حکومت نے پاکستان کے تشخص،تاریخ اور ثقافت کو اجاگرکرنے کے لیے عالمی جامعات میں موجود 14 پاکستان چیئرز پر تعیناتیوں کے لیے نئی سرچ کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ وزیر اعظم عمران خان نے ماہرین تعلیم پر مشتمل نئی سرچ کمیٹی تشکیل دینے کی منظوری بھی دے دی ہے۔ ذرائع کے مطابق اس مقصد کے لیے جلد نئی سرچ کمیٹی تشکیل دے کر نئے امیدواروں کے لیے اخبارات میں اشتہار شائع کیے جائیں گے۔ سابق حکومت نے اس سلسلے میں امیدواروں کے انتخاب کے تقریباً تمام مراحل مکمل کر تے ہوئے منتخب امیدواروں کے ناموں کی منظوری بھی دے دی تھی، تاہم حکومت ختم ہونے کے باعث تعیناتیوں کا عمل مکمل نہ ہو سکا تھا۔ پاکستان چیئر پر تعیناتیوں کے لیے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے جنوری 2018 میں اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کی تھی جس میں اراکین پارلیمنٹ، ایچ ای سی، کابینہ ڈویژن، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن اور وزارت خارجہ کی نمائندگی شامل تھی۔ ذرائع کے مطابق وزارت تعلیم نے فیصلہ کیا ہے کہ نئی سرچ کمیٹی میں پارلیمنٹیرینز اور بیورو کریٹس کی بجائے ماہرین تعلیم کو شامل کیا جائے ، تاکہ ایسے امیدواروں کا انتخاب کیا جا سکے جو بیرون ملک پاکستان کی بہتر نمائندگی کرنے کے قابل ہوں اور پاکستان کے تشخص، تاریخ اور ثقافت کو بہتر طور پر اجاگر کر سکیں۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے نئی سرچ کمیٹی کی تشکیل کی منظوری دے دی ہے۔ذرائع کے مطابق نئی سرچ کمیٹی میں وزیر تعلیم چیئرمین، سیکرٹری تعلیم اور چیئرمین ایچ ای سی کے علاوہ چار نامور ماہرین تعلیم کو بھی شامل کیا جائے گا۔عالمی جامعات میں موجود 14 پاکستان چیئرز میں سے 8 چیئرز اردو اور مطالعہ پاکستان کی ہیں، جن میں سے دو الاظہریونیورسٹی اور این شمس یونیورسٹی قاہرہ، مصر میں ہیں، جبکہ بقیہ چیئرز چائنہ، ترکی، ایران، اردن، نیپال اور قازقستان میں ہیں۔ ان کے علاوہ جرمنی اور برطانیہ کی جامعات میں علامہ اقبال فیلوشپ چیئر، یونی ورسٹی آف کولمبیا، امریکہ میں قائد اعظم پروفیسرشپ چیئر، آگسفورڈ یونیورسٹی برطانیہ میں قائد اعظم فیلوشپ چیئر، ہانگ کانگ کی بیپٹسٹ یونیورسٹی میں اردو اور مطالعہ پاکستان میں قائد اعظم چیئر اور یونیورسٹی آف کیلیفورنیا امریکہ میں قائد اعظم چیئر چامل ہیں۔ یہ تمام کی تمام چیئرز اس وقت خالی ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More