مجاہدین کے جنازے پر بھارتی فوج کی فائرنگ سے 16 زخمی

0

لاہور(نمائندہ امت)مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کشمیری کمانڈر زینت الاسلام کے جنازہ میں شریک نہتے کشمیریوں پرٹوٹ پڑی اور اندھا دھند فائرنگ کر دی جس سے خاتون سمیت 16 افراد شدید زخمی ہو گئے۔ بھارتی فورسز کی اس درندگی پر ہزاروں کشمیری جگہ جگہ سڑکوں پر نکل آئے اور زبردست احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ شہید کمانڈر کا تعلق کشمیری جہادی تنظیم البدر مجاہدین سے بتایا جاتا ہے۔ بھارتی ریاستی دہشت گردی کیخلاف اتوار کے دن مکمل ہڑتال کی گئی ۔ اس دوران بھارتی فوج نے موبائل اور انٹرنیٹ سروس بند رکھی۔ اسی طرح ٹرین سروس بھی بند رہی۔ حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یٰسین ملک نے شہید کمانڈر زینت الاسلام کی نماز جنازہ میں شرکت کیلئے آنے والے افراد پر فائرنگ کی شدید مذمت کی اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں کلگام کے یاری پورہ علاقہ میں شہید کئے گئے کمانڈر زینت الاسلام اورشکیل احمد ڈار کی نماز جنازہ شوپیاں میں ادا کی گئی۔ بھارتی فوج اور سی آر پی ایف نے کشمیریوں کو شہداء کی نماز جنازہ میں شرکت سے روکنے کیلئے تمام راستے بند کر دیے اور اضافی نفری تعینات کر کے جگہ جگہ رکاوٹیں کھڑی کر دیں تاہم اس کے باوجود ہزاروں کشمیری جوق درجوق شہداء کی نماز جنازہ میں شرکت کیلئے پہنچے اور بھارتی فوجی ظلم و بربریت کیخلاف سخت نعرے بازی کی گئی۔ شہید زینت الاسلام کی نماز جنازہ شدید رش کے باعث پانچ مرتبہ جبکہ شکیل احمد ڈار کی نماز جنازہ چار مرتبہ ادا کی گئی۔ بھارتی فورسز اہلکاروں نے شہید زینت الاسلام اور شکیل احمد ڈار کی نماز جنازہ میں شریک افراد پر لاٹھی چارج، آنسو گیس کی شیلنگ او رپیلٹ گن کے چھروں کی بارش کر دی جس سے خاتون سمیت 16 افراد زخمی ہوئے۔ بھارتی فورسز کی اس درندگی کیخلاف کشمیری نوجوانوں نے اہلکاروں پر زبردست پتھراؤ کیا اور بھارتی حکومت اور فوج کیخلاف شدید نعرے بازی کی جاتی رہی۔ بھارتی دہشت گردی کیخلاف ہڑتال کی وجہ سے تمام کاروباری مراکز بند رہے۔زخمی کشمیریوں کو ہسپتال داخل کروادیا گیا ہے۔ ایک کشمیری کی آنکھ میں پیلٹ لگے ہیں۔ بھارتی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ زینت الاسلام حزب المجاہدین سے وابستہ رہےتاہم بعد کچھ عرصہ قبل وہ البدر مجاہدین میں شامل ہو گئے تھے۔ بھارتی فوج نے شوپیاں، کلگام اور دیگر علاقوں میں احتجاجی مظاہروں کے پیش نظر اضافی نفری تعینات کر رکھی ہے ۔ حریت کانفرنس جموں کشمیر کے چیئرمین سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یٰسین ملک نے بین الاقوامی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ قابض ہندوستانی فورسز کے مظالم اور دہشت گردی کا نوٹس لیں اور بھارتی فوج کا غاصبانہ قبضہ ختم کرنے کیلئے کردار ادا کریں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More