راولپنڈی میں دلہن سمیت پانچ لڑکیاں زندہ جل گئیں

0

راولپنڈی (نمائندگان امت)تھانہ صادق آباد کے علاقے میں سکستھ روڈ پر شادی والاگھر ماتم کدےمیں تبدیل ہو گیا، مبینہ طورپرگیس کے دھماکے سے آتشزدگی کے نتیجے میں دلہن سمیت 5لڑکیاں زندہ جل گئیں۔ مہمانوں سے بھرے گھر میں اچانک ہی آگ بھڑک اٹھی، جو بالائی منزل سے شروع ہو کر اوپر والے فلور تک پہنچ گئی۔ عینی شاہدین کے مطابق گھر میں موجود کچھ افراد نے چھلانگیں لگا کر اپنی جان بچائی جبکہ آگ کی لپیٹ میں آکر 24 سالہ دلہن ثناطارق ،14سالہ حنا،20سالہ حفظہ ،25 سالہ مناہل اور 22 سالہ نینا زندگی کی بازی ہار گئیں ۔متاثرہ گھر میں شادی کی رسم تھی اور کل جمعرات کو دلہن کی رخصتی ہونا تھی۔بدقسمت باپ عبدالغنی نے ’’ امت‘‘ کو بتایا کہ جب گھر میں آگ لگی تو اس وقت چالیس سے پچاس مہمان خواتین موجود تھیں ،کچھ نے تو بالائی منزل سے چھلانگیں لگا کر اپنی جان بچائی ۔آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی صادق آباد اور نیو ٹاوٴن پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی ۔اہل خانہ کے مطابق آگ ایک کمرے میں لگی جس نے منٹوں میں پورے گھر کو لپیٹ میں لے لیا۔گھر کے مالک چوہدری ناصر کا کہنا تھا کہ وہ کام سے باہر گئے، پندرہ منٹ بعد لوٹے تو پورا گھر آگ کی لپیٹ میں تھا۔ریسکیو 1122 نے جاں بحق ہونے والی خواتین کی میتیں بے نظیر بھٹو ہسپتال منتقل کیں جو پولیس نے ابتدائی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دیں۔ جبکہ شادی والے گھر میں آگ لگنے کی وجہ کا تعین نہیں کیاجاسکا۔اے ایس پی نیو ٹاوٴن ضیاء الدین نے کہا ہے کہ آگ پراسرار ہے اس کی تفتیش کی جا رہی ہے کہ شادی والے گھر آگ شارٹ سرکٹ سے لگی ،گیس سے لگی یا کسی نے لگائی ، جائے وقوعہ کو مختلف پہلووٴں سے دیکھا جا رہا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ گھر کا مالک عبد الغنی پولیس کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے ،مختلف پہلووٴں سے تفتیش کی جا رہی ہے جبکہ تفتیش میں مدد کے لیے پنجاب فرانزک کی بھی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ دری اثنا وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارنے راولپنڈی کے علاقے میں گھر میں آ تشزدگی کے باعث 5 خواتین کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر دکھ اورافسوس کا اظہارکیا ہے ۔وزیراعلیٰ نے جاں بحق خواتین کے لواحقین سے دلی ہمدردی اوراظہارتعزیت کیا ہے ۔وزیراعلیٰ نے آتشزدگی کے واقعہ کے بارے میں انتظامیہ سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔
٭٭٭٭٭

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More